ھ*جشن آزادی پر یادگار شہدا کا دورہ، بلوچستان پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا

،شہدا کی قربانیاں امن، آزادی اور عوام کے تحفظ کے لیے ناقابل فراموش ہیں، پولیس ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے

جمعرات 13 اگست 2026 20:50

لسبیلہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2026ء) جشن آزادی کے موقع پر شہدا پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی کے ہمراہ یادگار شہدا کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے یادگار پر پھول چڑھائے اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ نے شہدا بلوچستان پولیس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کی آزادی، امن و سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے پولیس اور تمام سیکیورٹی فورسز اور سویلین شہدا کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

شہدا نے اپنے خون سے مادر وطن کی حفاظت اور امن کے لیے ایک روشن مثال قائم کی۔ پوری قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ہم ان شہدا کو یاد رکھیں جنہوں نے ملک و قوم کے امن اور آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

ان کی قربانیاں ہماری قومی ذمہ داریوں اور حب الوطنی کے جذبے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی نے کہا کہ بلوچستان پولیس کے شہدا ہمارے لیے باعث فخر ہیں، جنہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پولیس فورس اپنے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ملک کی سلامتی کے لیے اپنی ذمہ داریاں اسی جذبے کے ساتھ ادا کرتی رہے گی انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں پولیس افسران اور جوانوں کے لیے مشعل راہ ہیں اور بلوچستان پولیس اپنے شہدا کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہی