سیبس یونیورسٹی جامشورو میں یومِ آزادی کی پروقار تقریب، قومی پرچم لہرایا گیا

جمعہ 14 اگست 2026 17:05

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2026ء) شہید اللہ بخش سومرو (سیبس) یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز جامشورو میں یومِ آزادی پاکستان قومی جوش و جذبے اور حب الوطنی کے ماحول میں منایا گیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو نے قومی پرچم لہرایا۔

تقریب میں یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران، افسران، ملازمین اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر اسرا یونیورسٹی حیدرآباد کے چانسلر ڈاکٹر حمیداللہ قاضی، قاری لطفی علی آل شناوی اور قاری الساوی محمد الساوی بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو نے یومِ آزادی کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے قومی اتحاد، عزم، محنت اور اجتماعی جدوجہد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کا قیمتی اثاثہ ہے اور انہیں تعلیم، تحقیق اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی، امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، جبکہ یومِ آزادی کی خوشی میں شرکاء میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔