اس سال 30نومبر تک فیصل آباد ایک جدید شہر کے طور پر ابھرے گا۔ ڈویژنل کمشنر

جمعہ 14 اگست 2026 22:04

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2026ء) اس سال 30نومبر تک فیصل آباد ایک جدید شہر کے طور پر ابھرے گا جبکہ اس سلسلہ میں تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ یہ بات ڈویژنل کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تحت جشن آزادی کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے پوری انتظامی مشینری کو متحرک اور فعال کر دیا ہے تاکہ فیصل آباد کی جامع، منظم اور مربوط ترقی کیلئے حکمت عملی پر تیزی سے کام مکمل کیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ میٹرو بس کے منصوبے کی وہ خود روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کر رہے ہیں اور متعلقہ حکام کو یقین دلایا گیا ہے کہ رکے ہوئے فنڈ سالانہ ترقیاتی بجٹ جاری ہوتے ہی ادا کر دئیے جائیں گے ، انہیں کام روکنے کی ضرورت نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کینال روڈ کی ری ماڈلنگ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس وقت ٹھٹھہ پل پر بہت زیادہ رش ہوتا ہے اِس لیے اس سے نمٹنے کیلئے بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملت روڈ پر تعمیراتی کام فوری طور پر شروع کیا جا رہا ہے جبکہ شہر کے پارکوں میں 10پیڈل پویلین اور دس کرکٹر ایرینا بھی 30نومبر تک مکمل ہو جائیں گے۔ انہوں نے شہر کی ترقی کیلئے بزنس کمیونٹی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ فیصل آباد کے سرکاری ہسپتالوں میں اینستھیزیامشینوں کی کمی کی وجہ سے آپریشن کم تعداد میں ہو رہے تھے۔ انہوں نے اپٹپما کے چیئرمین کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ ان کی درخواست پر باؤ محمد اکرم نے فوری طور پر جاپان سے 5 مشینوں کی درآمد کا آرڈر دے دیا۔

انہوں نے فائر فائٹنگ گاڑیوں کی خرابی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ خدانخواستہ اگر آتشزدگی کا کوئی بڑا واقعہ ہوا تواُس سے نمٹنا مشکل ہو گا۔ ہم اس پر فوری رد عمل کے طور پر بزنس کمیونٹی کے راہنما میاں محمد ادریس نے چار جبکہ چیمبر کے صدر فاروق یوسف شیخ نے 2گاڑیوں کی مرمت کا اعلان کر دیا۔ اس سے قبل نیشنل گروپ کے سربراہ میاں محمد ادریس نے پوری قوم کو 14 اگست کی مبارکباد دی جبکہ صدر چیمبر نے کہا کہ آج کا دن خود احتسابی کا دن ہے ہمیں اپنے گریبانوں میں جھانکنا ہو گا کہ ہم نے وطن عزیز کے معاشی استحکام کیلئے کیا کردار ادا کیا۔