شادی کے بعد کرسٹیانو رونالڈو کی نئے ہیئر اسٹائل کے ساتھ واپسی

جمعہ 14 اگست 2026 21:41

شادی کے بعد کرسٹیانو رونالڈو کی نئے ہیئر اسٹائل کے ساتھ واپسی
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2026ء) پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز سے شادی کے چند روز بعد نئے ہیئر اسٹائل کے ساتھ النصر کلب میں واپسی کی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو سعودی پرو لیگ کے نئے سیزن کی تیاریوں کے لیے ریاض پہنچ گئے ہیں۔ رونالڈو نے سوشل میڈیا پر ٹریننگ کی تصاویر بھی شیئر کیں جبکہ النصر نے بھی ان کی آمد کے بعد تصویر جاری کی۔

41سالہ رونالڈو نے انسٹاگرام اسٹوری پر النصر کے رنگوں کی نمائندگی کرتے ہوئے پیلے اور نیلے رنگ کے دائرے والے ایموجیز کے ساتھ تصویر شیئر کی تاہم مداحوں کی توجہ ان کے نئے ہیئر اسٹائل نے حاصل کی۔رونالڈو نے اپنے روایتی گہرے بھورے بالوں کے بجائے بالوں کو سنہری اور کاپر رنگ میں رنگا ہوا تھا، جیل سے سیٹ کیے گئے نئے بالوں نے انہیں میدان میں بھی نمایاں نظر آنے کا نیا انداز دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

رونالڈو نے مختصر آستین کی ٹی شرٹ، گلے میں چین اور قیمتی گھڑی پہن رکھی تھی۔رونالڈو کے نئے روپ پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ شادی شدہ رونالڈو پہلے ہی مختلف نظر آرہے ہیں۔ ایک اور مداح نے انہیں فریش قرار دیا، جبکہ بعض صارفین نے ان کے نئے ہیئر اسٹائل کو ارجنٹائن کے فٹبالر الیخاندرو گارناچو اور امریکی گلوکار ایمینیم سے بھی تشبیہ دی۔