ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ، پاک انگلینڈ ٹیمیں کل مدمقابل ہوں گی

جمعہ 14 اگست 2026 13:15

ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ، پاک انگلینڈ ٹیمیں کل مدمقابل ہوں گی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2026ء) انگلینڈ اور پاکستان کی ٹیمیں ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے پول ڈی کے اہم میچ میں 15 اگست کو ایمسٹیلوین کے معروف واگنر سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔عالمی نمبر 3 انگلینڈ کو ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیموں میں شمار کیا جا رہا ہے، جس نے حالیہ بین الاقوامی مقابلوں میں مسلسل اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔

انگلش ٹیم زیک والیس کی قیادت میں میدان میں اترے گی، جبکہ نک بینڈوراک، سیم وارڈ اور فل روپر بھی ٹیم کے اہم ہتھیار ہوں گے۔ڈچ کوچ باب یوہان ویلڈہوف کی نگرانی میں قومی ٹیم دفاع کو مضبوط رکھتے ہوئے تیز جوابی حملوں کے ذریعے انگلینڈ کو مشکل میں ڈالنے کی کوشش کرے گی۔پاکستان کی جانب سے عبدالحنان کی رفتار اور ڈرِبلنگ انگلینڈ کے دفاع کے لیے بڑا چیلنج بن سکتی ہے، جبکہ محمد سفیان خان کو انگلینڈ کے پنالٹی کارنر ماہر نک بینڈوراک کو روکنے کی ذمہ داری نبھانا ہوگی۔

(جاری ہے)

مڈفیلڈ میں زیک والیس اور عماد شکیل بٹ کے درمیان مقابلہ بھی میچ کا رخ متعین کرسکتا ہے۔ انگلینڈ قبضہ برقرار رکھنے اور مسلسل دبائو ڈالنے کی کوشش کرے گا، جبکہ پاکستان دفاعی نظم و ضبط کے ساتھ مواقع ملتے ہی تیز حملے کرنے کی حکمت عملی اختیار کرسکتا ہے۔متوقع طور پر انگلینڈ کی جانب سے اولیور پین گول کیپر ہوں گے جبکہ لیام سانفورڈ، جیک والر، جیمز البرے اور نک پارک دفاع سنبھالیں گے۔

زیک والیس، فل روپر اور ٹام سورسبی مڈفیلڈ میں جبکہ سیم وارڈ، نک بینڈوراک اور ول کیلنان فارورڈ لائن میں شامل ہوسکتے ہیں۔پاکستان کی ممکنہ ابتدائی الیون میں وقار علی گول کیپر، ابو بکر محمود، محمد سفیان خان اور محمد عبداللہ دفاع میں، عماد شکیل بٹ، معین شکیل اور غزنفر علی مڈفیلڈ میں جبکہ عبدالحنان ، عبد الوحید اشرف رانا، احمد ندیم اور افراز فارورڈز میں شامل ہوسکتے ہیں۔