احسان اللہ فٹنس اور ڈسپلن پر توجہ دیں : عثمان خان شنواری

صرف یہ نہیں کہ آپ کو کرکٹ آنی چاہیے، ڈسپلن پر بھی توجہ دینی ہوتی ہے : سابق فاسٹ بولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 14 اگست 2026 14:50

احسان اللہ فٹنس اور ڈسپلن پر توجہ دیں : عثمان خان شنواری
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 اگست 2026ء ) سابق فاسٹ بولر عثمان شنواری نے احسان اللہ کو فٹنس اور ڈسپلن پر توجہ دینے کا مشورہ دے دیا ہے۔ 
سابق فاسٹ بولر عثمان شنواری نے حالیہ گفتگو میں کہا کہ احسان اللہ کی بولنگ ٹھیک ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ ان کا ڈسپلن کا مسئلہ ہے اگر وہ فٹنس اور ڈسپلن پر توجہ دیں گے تو ٹیم میں آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صرف یہ نہیں ہے کہ آپ کو کرکٹ آنی چاہیے، ڈسپلن پر بھی توجہ دینی ہوتی ہے۔

 
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ محمد عباس نے گزشتہ میچ میں 125 کی رفتار سے 8 کھلاڑی آؤٹ کیے لیکن رفتار کے چکر میں محمد عباس کے بہترین 3 سال ضائع کیے گئے، رفتار ضروری ہے مگر اسے ضرورت سے زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہیے۔ 
عثمان شنواری نے کہا کہ کوچز کو بھی کھلاڑیوں کی طرح ایک باقاعدہ نظام کے ذریعے آگے آنا چاہیے کیونکہ پاکستان میں بہت جلد جیک پاٹ لگ جاتا ہے اور لوگ براہ راست پاکستان ٹیم کے کوچ بن جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

 
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں سیریز ہمیشہ پاکستان کے لیے مشکل رہی ہے، موجودہ فارم اور مومینٹم کے ساتھ ٹیم اچھی سیریز کھیل سکتی ہے، ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ٹیم نے مایوس کیا لیکن دوسرے میچ میں بہترین کم بیک کیا، ٹیم میں جتنا تسلسل ہوگا نتائج بھی اتنے ہی بہتر ہوں گے۔