مردان ،جشن آزادی، شجرکاری اور ہفتہ صفائی مہم کا انعقاد کا انعقاد

مقررین کا ملکی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عزم ڈبلیو ایس ایس سی محدود وسائل میں شہریوں کو صاف پانی فراہمی، صفائی و نکاسی آب کی بہترین سہولیات فراہمی کیساتھ ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے کوشاں ہے،انجینئر عادل نواز

جمعہ 14 اگست 2026 19:35

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2026ء) جشن آزادی پاکستان کے سلسلے میں واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی مردان کے زیر اہتمام مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا گیا، جبکہ کمپنی کے ہیڈ آفس کو برقی قمقموں اور قومی پرچموں سے سجایا گیا۔جشن آزادی کے سلسلے میں پرچم کشائی کی تقریب بھی منعقد ہوئی جس کے بعد کیک کاٹا گیا اور ملک کی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

یومِ آزادی کے موقع پر مردان شہر میں جاری ہفتہ صفائی مہم کے تحت شہر کے اہم چوراہوں، گلیوں اور محلوں کی صفائی بھی کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین انجینئر عادل نواز، بورڈ ممبر ہارون رشید، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مردان وصال احمد، ایس ایس یو پولیس لائنز کے ایس پی ہیڈکوارٹرز کامران خان، ریجنل میونسپل آفیسر اسد اللہ اور دیگر مقررین نے کہا کہ وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے اور آزادی ایک عظیم نعمت ہے۔

(جاری ہے)

زندہ قومیں اپنا یومِ آزادی جوش و جذبے کے ساتھ مناتی ہیں۔مقررین نے کہا کہ یومِ آزادی کو محض ایک تہوار کے طور پر نہیں منانا چاہیے بلکہ یہ دن ہمیں اپنے آبائو اجداد کی ان قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے قیامِ پاکستان کیلئے دیں۔ ہمیں بھی اس عزم کا اظہار کرنا چاہیے کہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انجینئر عادل نواز نے کہا کہ ملک کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایس ایس سی مردان محدود وسائل میں شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی، صفائی اور نکاسی آب کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے بھی کوشاں ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مردان کو صفائی کے حوالے سے ماڈل شہر بنانے کے لیے ادارے کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عہد کریں۔ تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور وطنِ عزیز کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔