ایم پی اے فضل حکیم خان نے شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا

سوات میں ایک لاکھ 45ہزار سے زائد پودے لگانے کا اعلان

جمعہ 14 اگست 2026 19:35

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2026ء) سوات سے ممبر صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان یوسفزئی نے فارسٹ دفتر شگئی سیدو شریف میں چیڑ کا پودا لگا کر 14 اگست یومِ آزادی شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ شجرکاری مہم کے تحت گلی گرام، شگئی اور ملحقہ علاقوں میں 3 ہزار 200 جبکہ ضلع سوات میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 45 ہزار 122 سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔

صوبہ بھر میں بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وژن کے مطابق 14 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فضل حکیم خان نے کہا کہ درخت ہماری آنے والی نسلوں کے محفوظ اور صحت مند مستقبل کی ضمانت ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات میں کمی، درجہ حرارت کو متوازن رکھنے، صاف اور صحت مند ماحول کے قیام، پانی کے قدرتی ذخائر کے تحفظ اور سیلاب و مٹی کے کٹا کی روک تھام کے لیے زیادہ سے زیادہ شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام بالخصوص طلبہ اپنے گھروں، سکولوں، محلوں اور دیگر دستیاب مقامات پر پودے لگائیں اور ان کی باقاعدگی سے دیکھ بھال بھی کریں، کیونکہ صرف پودا لگانا کافی نہیں بلکہ اس کی حفاظت اور پرورش بھی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ فضل حکیم خان نے محکمہ جنگلات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فارسٹ اہلکار جنگلات کے تحفظ، غیر قانونی کٹائی کی روک تھام اور شجرکاری کے فروغ کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور کسی شخص کو جنگلات کو نقصان پہنچاتے ہوئے دیکھیں تو بروقت متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں تاکہ قدرتی وسائل اور جنگلات کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ قبل ازیں ممبر صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان نے ڈسٹرکٹ جیل سوات کا بھی دورہ کیا اور جشنِ آزادی کے سلسلے میں منعقدہ رنگارنگ تقریب میں شرکت کی۔

تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی سلطان روم، جیل سپرنٹنڈنٹ ایوب باچا اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ تقریب میں یومِ آزادی کے حوالے سے تقاریر، ملی نغمے، مختلف کھیلوں اور دیگر پروگرامز پیش کیے گئے۔ فضل حکیم خان اور سلطان روم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکا میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فضل حکیم خان نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت اور ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے۔ ہمیں وطنِ عزیز کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل میں آزادی کی اہمیت، قومی ذمہ داریوں اور ملک و قوم کی خدمت کا شعور اجاگر کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔