جاپان کے مشرقی علاقے چیبا میں ریکارڈ بارشوں کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ،ایک شخص لاپتا

ہفتہ 15 اگست 2026 06:45

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2026ء) جاپان کے مشرقی علاقے چیبا میں ریکارڈ بارشوں کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک جبکہ ایک شخص لاپتا ہوگیا۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی نے جاپانی محکمہ موسمایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹوکیو سے نزدیک چیبا شہر میں 24 گھنٹوں میں 367 ملی میٹر بارش ہوئی، ایک ماہ کی اوسط بارش سے تین گنا زیادہ بارش 24 گھنٹوں میں برس گئی۔

(جاری ہے)

خبررساں ایجنسی کے مطابق 25 ہزار سے زائد گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے، خراب موسم کے باعث 7 ہزار سے زائد مسافر ہوائی اڈوں پر پھنس گئے ہیں جبکہ درجنوں ریل گاڑیاں منسوخ اور مرکزی شاہراہیں بند کر دی گئیں۔حکام نے طوفانی بارش کے بعد شہر میں ہنگامی حالت کا ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے سیکڑوں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی آپریشن کے لیے فوج کی مدد بھیحاصل کر لی گئی ہے۔