صدر کا آئین اور توثیق شدہ انسانی حقوق کے معاہدوں کے تحت ہر فرد کے بنیادی حقوق اور احترامِ انسانیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ

منگل 18 اگست 2026 22:56

صدر کا آئین اور توثیق شدہ انسانی حقوق کے معاہدوں کے تحت ہر فرد کے بنیادی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2026ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہاہے کہ آئین پاکستان اور پاکستان کے توثیق شدہ انسانی حقوق کے معاہدوں کے تحت ہر فرد کے بنیادی حقوق اور احترامِ انسانیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں،پاکستان بھر میں خدمات انجام دینے والے تمام سماجی کارکنان، کونسلرز، طبی عملے، چائلڈ پروٹیکشن ورکرز اور انسانی حقوق کے امدادی کارکنان کی خدمات کو سراہتا ہوں۔

منگل کو انسانی ہمدردی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ انسانی ہمدردی کے عالمی دن پر پاکستان، بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر، قدرتی آفات، ہنگامی حالات اور بحرانوں کے دوران صف اول پر خدمات انجام دینے والے امدادی کارکنان کی شجاعت، بے لوث جذبے اور لگن کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے،قدرتی آفات اور مشکل و خطرناک حالات کے باوجود، دکھی انسانیت کی مدد کے لیے ان کا فوری ردِعمل، امدادی و بحالی کی سرگرمیوں میں کردار اور ان کا عزمِ مصمم قابل تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہم ان امدادی کارکنان کے شکر گزار ہیں جو سول سوسائٹی، سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے ساتھ مل کر، ناگہانی آفات کے دوران مدد کے لیے تیار رہتے ہیں، ان کی بروقت امداد اور ہمدردی ان مشکلات کے دوران، متاثرہ اور غیر محفوظ لوگوں کو سہارا فراہم کرتی ہے۔انہوںنے کہاکہ امدادی کارکنان معاشروں کو بحرانوں کا مقابلہ کرنے اور ان کے اثرات سے نکلنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،ان کا کام انسانی ہمدردی اور احترامِ انسانیت جیسے عظیم اقدار کی عکاسی کرتا ہے،وہ ایک منظم اور پیشہ ورانہ امدادی طریقہ کار کے ذریعے تشدد، نقل مکانی، بھوک، غربت، معذوری اور محرومی کے شکار افراد کی مدد کے معاون نظام کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ انسانی ہمدردی کے عالمی دن 2026 کے موقع پر ہم آئین پاکستان 1973 اور پاکستان کے توثیق شدہ انسانی حقوق کے معاہدوں کے تحت ہر فرد کے بنیادی حقوق اور احترامِ انسانیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ میں پاکستان بھر میں خدمات انجام دینے والے تمام سماجی کارکنان، کونسلرز، طبی عملے، چائلڈ پروٹیکشن ورکرز اور انسانی حقوق کے امدادی کارکنان کی خدمات کو سراہتا ہوں،ان کا جذبہ ہمیں اس مشترکہ ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے کہ ہم ضرورت مندوں کی مدد کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ بحرانوں میں کوئی بھی فرد بے یار و مددگار نہ رہے۔