Live Updates

ایران کو رواں سال کے پہلے 4 ماہ تیل کی فروخت سے 7.5 ارب ڈالرز حاصل

پابندیوں اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک رسائی میں حائل رکاوٹوں کے باوجود ایران کا تیل کا شعبہ حکومت کی آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے،رپورٹ

بدھ 19 اگست 2026 18:25

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2026ء) ایران نے 2026 کے پہلے 4 ماہ میں 7.5 ارب ڈالرز تیل کی فروخت کی مد میں حاصل کیے۔ایرانی سرکاری خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی مرکزی بینک کو رواں سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران تیل کی فروخت سے تقریبا 7.5 ارب ڈالرز کی زرِمبادلہ آمدنی حاصل ہوئی، جس سے مسلسل معاشی دبا اور عالمی پابندیوں کے باعث مشکلات سے دوچار حکومتی مالیات کو نمایاں سہارا ملا ہے۔

ایرانی خبر ایجنسی کا وزارتِ تیل کے حوالے سے کہنا تھا کہ یہ آمدنی گزشتہ سال کی اسی مدت میں حاصل ہونے والی رقم کے مقابلے 1.5 گنا زیادہ ہے۔ایرانی حکام کا کہنا تھا کہ حاصل ہونے والے یہ مالی وسائل حکومت کی زرِمبادلہ کی ضروریات دسمبر کے اواخر تک پورا کرنے کے لیے کافی ہوں گے۔

(جاری ہے)

تیل کی آمدنی میں یہ اضافہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایران زرِمبادلہ حاصل کرنے اور سرکاری اخراجات پورے کرنے کے لیے توانائی کی برآمدات پر بدستور نمایاں انحصار کر رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زرِمبادلہ کی اس آمد سے تہران کو بیرونی ادائیگیوں کے انتظام اور جاری معاشی پابندیوں سے نمٹنے میں مزید مالی گنجائش حاصل ہو سکتی ہے۔پابندیوں اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک رسائی میں حائل رکاوٹوں کے باوجود ایران کا تیل کا شعبہ حکومت کی آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات