جموں ،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے ٹھیکیداروں کا قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 21 اگست 2026 13:00

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے ٹھیکیداروں نے جموں میں قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ٹھیکیداروں نے جمعہ کو چیف انجینئر کے دفتر کے باہر احتجاج کیا اور اپنے واجبات کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

پی ایچ ای کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن جموں کے صدر راجیش چوہدری کی قیادت میں ٹھیکیدار جموں میں پی ایچ ای کمپلیکس میں چیف انجینئر کے دفتر کے باہر جمع ہوئے اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے قابض انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔انہوں نے کہا کہ بار بار درخواستوں کے باوجود متعلقہ پی ایچ ای ڈویژنز گزشتہ ڈھائی سال سے زائد عرصے سے ٹھیکیداروں کو ادائیگیاں کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکام نے ابھی تک ٹھیکیداروں کو 1500 کروڑ روپے سے زائد کے واجبات ادانہیں کئے ہیں۔ٹھیکیداروں نے کہا کہ انہوں نے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز، ایس ایز، چیف انجینئرز حتی کہ کمشنر/سیکرٹری اور وزیر سے بھی رابطہ کیا لیکن انہیں صرف جھوٹی یقین دہانیاں کرائی گئیں۔