ڈپٹی کمشنر ایبٹ آبادکا بوئی اور دلولہ میں زیرِ تعمیر گرلز ہائر سیکنڈری سکولز کا دورہ

جمعہ 21 اگست 2026 18:05

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2026ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے بوئی اور دلولہ میں زیرِ تعمیر گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکولز کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام، تعلیمی سہولیات اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ بوئی گرلز ہائر سیکنڈری سکول تقریباً 8 کنال رقبہ پر تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں کلاس 6 سے 12 تک طالبات کو تعلیم فراہم کی جائے گی۔

سکول کی تعمیر سٹار ہائیڈرو پاور الیکٹرک کمپنی کی جانب سے کی جا رہی ہے، جو بوئی ڈیم منصوبے میں شامل کورین کمپنی ہے اور کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی کے تحت علاقہ میں مختلف سہولیات کی فراہمی میں کردار ادا کر رہی ہے۔ڈی او فی میل عائشہ سعید اور سٹار ہائیڈرو پراجیکٹ کے نمائندے نے سکول کی عمارت اور تعمیراتی کام کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے سکول میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا اور سکول کی تزئین و آرائش، بنیادی سہولیات اور سروسز کی فراہمی میں بہتری کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے ڈی او فیمیل اور تحصیلدار ریونیو کو سکول کی اراضی سے متعلق معاملات جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دور افتادہ علاقوں میں گرلز ہائر سیکنڈری سکولز کی تعمیر معیاری تعلیم کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے، جس سے علاقے کی طالبات کو میٹرک کے بعد اپنے علاقے میں ہی مزید تعلیم جاری رکھنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔