سپریم کورٹ کے حکم پر من و عن عمل ہوا، سازشی کسی اور چکر میں ہسپتال گیا تھا، ناصر بٹ

اُس کا علاج ہوا اور وہ چلا گیا، یہ وہی شخص ہے جو پہلے خود کہا کرتا تھا کہ سیاسی لیڈر بیمار نہیں ہوتے، انہیں تو اچانک ہارٹ اٹیک ہو جاتے ہیں اور یہ لوگ اسپتال جانے کے لیے جھوٹ بولتے ہیں، لیگی سینیٹر کی گفتگو

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 21 اگست 2026 16:54

سپریم کورٹ کے حکم پر من و عن عمل ہوا، سازشی کسی اور چکر میں ہسپتال گیا ..
اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سینیٹر ناصر بٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ہسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل کیے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سازشی کسی اور چکر میں اسپتال گیا تھا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر بٹ کا کہنا تھا کہ یہ وہی شخص ہے جو پہلے خود کہا کرتا تھا کہ سیاسی لیڈر بیمار نہیں ہوتے، انہیں تو اچانک ہارٹ اٹیک ہو جاتے ہیں اور یہ لوگ اسپتال جانے کے لیے جھوٹ بولتے ہیں۔

(جاری ہے)

ن لیگی سینیٹر نے کہا کہ اب جب وہ خود ہسپتال گئے تو کیا ہوا؟ ڈاکٹروں نے ان کا پورا معائنہ کیا اور واضح کہہ دیا کہ ’’کچھ نہیں ہے بھئی، واپس جاؤ۔‘‘ 
ناصر بٹ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا اور معائنے کے بعد دوبارہ اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا۔ انہوں نے عمران خان کی اسپتال منتقلی کو سیاسی تناظر میں بیان کرتے ہوئے تنقید کی۔ واضح رہے کہ عمران خان کو رات گئے اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا طبی معائنہ کیا۔ بعد ازاں انہیں 21 اگست کی صبح دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔