Live Updates

سپیکر قومی اسمبلی سے ملائیشین وزیر داخلہ کی سربراہی وفد کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور بار ے تبادلہ خیال

،افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہونا تشویش کا باعث ہے، سر دار ایاز صادق

جمعہ 21 اگست 2026 17:26

سپیکر قومی اسمبلی سے ملائیشین وزیر داخلہ کی سربراہی وفد کی ملاقات،باہمی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2026ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے جمعے کو ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسوٹین بن اسماعیل کی سربراہی میں چھ رکنی پارلیمانی وفد نے ملاقات کی جس دوران دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر نے ملائیشین وزیرِ داخلہ اور پارلیمانی وفد کا پارلیمنٹ ہاس آمد پر خیرمقدم کیا ۔

اس موقع پروزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی موجود تھے۔ سردار ایاز صادق نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان پارلیمانی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپس باہمی روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،دونوں ملکو ں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری ، کاروباری روابط اور تعلیم سمیت متفرق شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان اور ملائیشیا کے عوام کے درمیان باہمی روابط کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور باہمی تعاون مسلم دنیا کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔امتِ مسلمہ کا اتحاد مسلم ممالک کے مشترکہ مفادات، سلامتی اور ترقی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور تنازعات کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کو ترجیح دیتا ہے، 2025 کی پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی ، تاہم ملکی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے پرعزم ہے،بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران دفاعی صلاحیت اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کو متعدد بار آگاہ کیا کہ افغان سرزمین سے ہمارے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے،افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہونا تشویش کا باعث ہے۔

انہوںنے کہاکہ خطے میں پائیدار امن کے لیے تمام ممالک کو ذمہ داری کا مظاہرہ اور سفارتی ذرائع کو بروئے کار لانا ہوگا،دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے سنگین چیلنج کا سامنا ہے، اس سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔ ملائشین وزیر داخلہ نے میزبانی اور پرتپاک استقبال پر وفد کی جانب سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خوبصورت ملک اور سلام آباد دنیا کے خوبصورت ترین شہروں میں سے ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی عالمی مسئلہ ہے جس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے تمام ممالک کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو تنازعات کے بجائے سفارتی کوششوں اور مذاکرات کے ذریعے امن کے قیام پر توجہ دینی چاہئے، عالمی امن اور استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کو مزید مثر بنانے کی ضرورت ہے۔ملائیشین وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کا ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران امن و سفارت کاری کے لیے کردار قابلِ تحسین ہے،پاکستان نے علاقائی امن کے فروغ کے لیے سفارتی سطح پر اہم کردار ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے 2025 کی پاک بھارت کشیدگی کے دوران اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان عوامی، پارلیمانی اور اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات