مرکزی ختم نبوت چوک و ایبٹ آباد روڈ پر جلسے جلوسوں پر پابندی، ڈپٹی کمشنر مانسہرہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا

پیر 24 اگست 2026 20:00

مانسہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2026ء) آئے روز ایبٹ آباد روڈ و مرکزی ختم نبوت چوک کی بار بار بندش کے خلاف تاجروں، سول سوسائٹی، سینئر صحافیوں اور وکلا کے وفد نے ڈپٹی کمشنر مانسہرہ سے ملاقات کی اور کسی بھی مذہبی، سیاسی یا دیگر جماعت کو ایبٹ آباد روڈ پر جلسے جلوس کی اجازت نہ دینے کا مطالبہ کیا، جسے منظور کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد روڈ کے سینکڑوں تاجروں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، سینئر صحافیوں اور وکلا کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر مانسہرہ سے ملاقات کی، جس میں آئے روز ایبٹ آباد روڈ کی بندش پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ کسی بھی مذہبی، سیاسی یا دیگر جماعت کو ایبٹ آباد روڈ پر جلسے جلوس کی اجازت نہ دی جائے تاکہ عوام اور کاروباری طبقے کو روزانہ کی بنیاد پر پیش آنے والی مشکلات سے نجات مل سکے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ایک سو تین تاجروں نے اپنے دستخطوں کے ساتھ باقاعدہ درخواست ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کو پیش کی۔ ڈپٹی کمشنر مانسہرہ نے وفد کے مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیے اور باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جس کے تحت مرکزی ختم نبوت چوک و ایبٹ آباد روڈ پر جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

اس موقع پر تمام شرکا نے ڈپٹی کمشنر کے اس اقدام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں سینئر صحافی میاں محمد حسین، صدر پریس کلب شہزاد خان جہانگیری، حاجی ذوالفقار، سرفراز یوسفزئی، اشتیاق ایڈوکیٹ، اکرام قریشی، عثمان شفیق، حاجی واجد، محمد نعمان، عبدالحفیظ، اعجاز جازی، محمد راشد، محمد یوسف، محمد فیصل، محمد عاقب اور مختار علی اعوان سمیت سینکڑوں تاجروں نے شرکت کی اور دستخط شدہ درخواست ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کے حوالے کی۔

شرکا نے اجلاس میں اپنے تحفظات کا کھل کر اظہار بھی کیا اور مستقبل میں روڈ و چوک کی بلاجواز بندش سے بچنے کے لیے مستقل حکمت عملی وضع کرنے پر زور دیا۔ تاجر برادری سمیت ہر مکتبہ فکر کے افراد نے ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال خٹک کو فوری اقدام پر خراج تحسین پیش کیا۔