پلوامہ اور شوپیاں سے 5 کشمیری نوجوان گرفتار

منگل 25 اگست 2026 14:29

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اگست2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں بھارتی فورسز نے 5بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع پلوامہ کے علاقے راجپورہ میں بھارتی فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز اور پیراملٹری کی 183ویں بٹالین کے مشترکہ آپریشن کے دوران 2نوجوانوں کو گرفتار کیاگیا۔

فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کارروائی کی اور دورانِ تفتیش دونوں نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ تاہم، گرفتار نوجوانوں کی شناخت اور ان کے خلاف الزامات کے بارے میں ابھی تک کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔دوسری جانب ضلع پلوامہ کے جنگل کیعلاقے یاروان میں ایک سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فورسز نے ایک پستول، 12 گولیاں اور ایک ہینڈ گرینیڈ برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم، مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ قبضے میں لئے گئے ہتھیار کو بھارتی فورسز نے خود ہی رکھ کر اہلِ علاقہ کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔ادھرشوپیاں میں بھارتی فورسز نے تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران تین افراد کو گرفتار کیا ہے، جن کی شناخت جنید احمد، عامر یوسف اور جنید مظفر کے طور پر ہوئی ہے۔اسی دوران، ضلع بارہ مولہ کے علاقے سوپور میں منزسیر سے بھارتی فوج کی 52 راشٹریہ رائفلز اور پیراملٹری اہلکاروں نے ایک تباہ حال مکان سے اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔

بھارتی فورسز کے مطابق، برآمد ہونے والے اسلحے میں ایک اے کے 47 رائفل، تین میگزین، 72 گولیاں، چار ہینڈ گرنیڈ اور ایک بم شامل ہے۔بھارتی فورسز نے متعدد افراد کو پولیس اسٹیشنوں اور راشٹریہ رائفلز کے کیمپوں میں طلب کر کے ان سے تفتیش بھی کی ہے، جس سے مقامی آبادی میں خوف اور بے چینی کی لہر پھیل گئی۔ بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی تنظیموں نے بارہا بھارتی فورسز کی جانب سے کی جانے والی ان کارروائیوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ گرفتار نوجوانوں کو قانونی مدد فراہم کی جائے۔