مقبوضہ کشمیر،گجر تنظیم کا کم عمر بچی کی عصمت دری اور موت پر کارروائی کا مطالبہ

منگل 25 اگست 2026 14:31

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اگست2026ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قبائلی گجر بکروال ویلفیئر فانڈیشن نے کشتوارکے علاقے چترو میں ایک سرکاری ملازم کی طرف سے ایک کم عمر بچی کے ساتھ بار بار جنسی زیادتی، حمل اور بعد ازاں موت کے معاملے میں شیڈولڈ ٹرائبز کمیشن سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فانڈیشن نے متاثرہ خاندان کے تحفظ اور آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن چترو میں مقدمہ درج کر لیا گیاہے۔تنظیم کے مطابق ملزم نے اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھا کر پانچویں جماعت کی طالبہ کے ساتھ زیادتی کی، جس سے وہ حاملہ ہو گئی۔ فانڈیشن نے الزام عائد کیا کہ حکام نے دھمکیوں، مالی پیشکشوں اور حمل ظاہر ہونے کے بعد کمیونٹی پنچایت بلا کر معاملہ دبانے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں بی جے پی کی حکومت کے دور میں خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی تشدد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، اور اکثر ملزمان کو حکمران جماعت یا ریاستی اداروں کے تحفظ کی وجہ سے سزا سے بچا لیا جاتا ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ ہندوتوا پالیسیوں نے مجرموں کی حوصلہ افزائی کی ہے اور احتساب کے عمل کو کمزور کیا ہے، جس سے کمزور طبقات، خاص طور پر اقلیتیں اور قبائلی گروہ، زیادہ خطرے میں ہیں۔