فلک سر چوٹی پر جاں بحق کوہ پیما سید علی شاہ کی میت تلاش کیلئے ہیلی کاپٹر آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا

پیر 31 اگست 2026 20:15

ت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2026ء) وادی کالام کی بلند ترین فلک سر چوٹی پر جاں بحق ہونے والے مقامی کوہ پیما سید علی شاہ کی میت واپس لانے کے لیے آج دوسرے روز بھی ہیلی کاپٹر آپریشن جاری رہا، تاہم تیز ہواں اور دشوار گزار ڈھلوان پہاڑی پر موجود میت تک ہیلی کاپٹر کے ذریعے رسائی ممکن نہ ہو سکی، جس کے بعد پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ماہرین پر مشتمل ٹیم کو فلک سر کے بیس کیمپ تک پہنچا دیا گیا ہے، جہاں مقامی کوہ پیما اور دیگر ماہرین بھی موجود ہیں۔

ٹیم بیس کیمپ سے پیدل ٹریکنگ کرتے ہوئے دشوار گزار راستہ طے کرکے میت تک پہنچنے اور اسے ریکور کرنے کی کوشش کرے گی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ٹریکنگ کے ذریعے میت کی ریکوری کا آپریشن آئندہ جمعے تک مکمل ہونے کا امکان ہے، جبکہ ٹیم میت ریکور کرنے میں کامیاب ہوئی تو اسے پہلے بیس کیمپ تک منتقل کیا جائے گا اور بعد ازاں ہیلی کاپٹر کے ذریعے بیس کیمپ سے کانجو ہیلی پیڈ منتقل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سید علی شاہ کی میت گزشتہ 11 جولائی سے فلک سر چوٹی پر موجود ہے۔ 11 جولائی کو فلک سر کی چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی کے دوران راستہ ٹوٹنے کے باعث وہ گر کر جاں بحق ہوگئے تھے، تاہم بعد ازاں ان کی میت کا سراغ نہیں مل سکا تھا۔ ملاکنڈ، بونیر اور سوات سے تعلق رکھنے والے کوہ پیماں نے ڈرون کی مدد سے میت کا سراغ لگایا، جس کے بعد ریکوری آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا۔