پنجاب ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے مزید بارشوں اور اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کردیا

تین سے پانچ ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے‘ متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 2 ستمبر 2026 19:15

پنجاب ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے مزید بارشوں اور اربن فلڈنگ کا الرٹ ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 ستمبر ۔2026 ) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں مزید مون سون بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے اور متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے. ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق تین سے پانچ ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاﺅالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، قصور اور اوکاڑہ میں بارش کا امکان ہے.

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے کے مطابق چار اور پانچ ستمبر کے دوران فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش متوقع ہے ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد سیف انور کے مطابق مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے. انہوں نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد سمیت بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ بھی ہو سکتی ہے ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بوسیدہ یا کچے مکانات میں رہائش سے گریز کریں.

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آندھی، طوفان اور گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں والدین سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انھیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب نہ جانے دیں.