تھامس کرسٹیانسن 2030 فٹ بال ورلڈ کپ تک پاناما کے کوچ برقرار

بدھ 9 ستمبر 2026 11:06

پاناما سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2026ء) پاناما فٹ بال فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ تھامس کرسٹیانسن نے پاناما کی قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے معاہدے میں توسیع کردی ہے جس کے تحت وہ 2030 کے فیفا ورلڈ کپ تک ٹیم کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔شنہوا کے مطابق 53 سالہ تھامس کرسٹیانسن کا سابق معاہدہ جون میں ختم ہوگیا تھا جب پاناما نے امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں ہونے والے ورلڈ کپ میں گروپ مرحلے میں ہی سفر ختم کیا تھا۔

(جاری ہے)

پاناما فٹ بال فیڈریشن کے مطابق تھامس کرسٹیانسن کو ٹیم کے ساتھ جاری کام میں تسلسل برقرار رکھنے اور کھلاڑیوں کی نئی کھیپ تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے تاکہ پاناما کو کونکاکاف خطے کی نمایاں قومی ٹیموں میں شامل رکھا جاسکے۔ڈنمارک میں پیدا ہونے والے تھامس کرسٹیانسن نے جولائی 2020 میں پاناما کی قومی ٹیم کی کوچنگ سنبھالی تھی، اس سے قبل وہ ارجنٹائن کے امیریکو گالیگو کی جگہ مقرر ہوئے تھے۔تھامس کرسٹیانسن ماضی میں انگلش کلب لیڈز یونائیٹڈ اور بیلجیئم کے یونین ایس جی سمیت مختلف کلبوں کی کوچنگ بھی کرچکے ہیں، وہ بطور کھلاڑی سپین کی قومی ٹیم کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں۔