پاکستانی بیٹرز بیٹنگ سیکھ لیں اس سے پہلے کہ دیر ہوجائے، محمد یوسف ٹیم کی خراب بیٹنگ پر برہم

بلے باز گیند آنے سے پہلے ہی مسلسل اپنی پوزیشن تبدیل کرتے رہے جسکے باعث وہ گیند کی لائن و لینتھ کو درست طور پر جج نہیں کرسکے : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 10 ستمبر 2026 11:15

پاکستانی بیٹرز بیٹنگ سیکھ لیں اس سے پہلے کہ دیر ہوجائے، محمد یوسف ٹیم ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 ستمبر 2026ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹر محمد یوسف نے قومی ٹیم کے بلے بازوں کی تکنیکی خامیوں سے متلعق خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’ وہ بیٹنگ کرنا سیکھ لیں، اس سے پہلے کہ دیر ہوجائے‘۔ 
انگلینڈ کے خلاف برمنگھم ٹیسٹ کے پہلے روز بیٹرز کی خراب کارکردگی کے باعث پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 133 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

 
پاکستان کی بیٹنگ پر تنقید کرتے ہوئے 52 سالہ محمد یوسف نے کہا کہ ’ بلے باز گیند آنے سے پہلے ہی مسلسل اپنی پوزیشن تبدیل کرتے رہے، جس کے باعث وہ گیند کی لائن اور لینتھ کو درست طور پر جج نہیں کرسکے‘۔ 
محمد یوسف نے کہا کہ اگر بلے باز گیند آنے سے پہلے سینہ کھول کر مسلسل آگے پیچھے ہوتے رہیں تو وہ لائن اور لینتھ کا اندازہ نہیں لگا سکتے اور نتیجتاً جسم سے دور جا کر شاٹس کھیلتے ہیں۔

(جاری ہے)

 
سابق بیٹر نے کہا کہ پاکستان کی آج کی بیٹنگ پر ایک ہی جملہ کہا جا سکتا ہے کہ ’سیکھو اس سے پہلے کہ دیر ہوجائے‘۔
 
واضح رہے کہ پہلے میچ میں گرین کیپس کو اننگز اور 103 رنز سے جبکہ دوسرے میچ میں 194 رنز کے بڑے مارجن سے شکست ہوئی تھی۔ 
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ دنوں بھی محمد یوسف نے پاکستانی بیٹنگ لائن پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی ناقص تکنیک اب بنگلادیش سے لے کر انگلینڈ تک بری طرح بے نقاب ہوچکی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ جن خامیوں کو کئی سال پہلے درست کیا جاسکتا تھا، انہیں نظر انداز کیے جانے کے باعث اب وہ پاکستان کرکٹ کی واضح کمزوری بن چکی ہیں اور قومی ٹیم کو عالمی سطح پر مشکلات کا سامنا ہے۔