ایجنسیز کی رپورٹ ہے کہ پی ٹی آئی 27 ستمبر کو 9 مئی سے بڑی غلطی دہرانے جارہی ہے، رانا ثناءاللہ

کوئی عدالت مسلح جتھوں کو اسلام آباد پر چڑھائی کی اجازت نہیں دے گی،تین بنیادی شرائط پر عمل کریں تو احتجاج کی اجازت مل سکتی ہے، وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 9 ستمبر 2026 22:57

ایجنسیز کی رپورٹ ہے کہ پی ٹی آئی 27 ستمبر کو 9 مئی سے بڑی غلطی دہرانے جارہی ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 09 ستمبر 2026ء ) وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ ایجنسیز کی رپورٹ ہے کہ پی ٹی آئی 27 ستمبر کو 9 مئی سے بڑی غلطی دہرانے جارہی ہے، کوئی عدالت مسلح جتھوں کو اسلام آباد پر چڑھائی کی اجازت نہیں دے گی۔ جی ٹی وی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر عدالت نے پی ٹی آئی کو احتجاج کرنے اور سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا تو حکومت عملدرآمد کرے گی۔

لیکن مجھے یقین ہے کہ کوئی بھی عدالت ایسا حکم نہیں دے سکتی۔
کوئی بھی عدالت کسی مسلح جتھے کو اپنی حکومت، دارلحکومت پر حملے کی اجازت نہیں دے سکتی۔ یہ لوگ مسلح جتھے کی صورت اسلام آباد پر چڑھائی کرنا چاہتے ہیں، اسلام آباد پر چڑھائی ہوئی تو پوری دنیا میں مذاق اڑایا جائے گا، غیرملکی سفارتکاروں سمیت ہر کسی کی جان ومال کو خطرہ ہوگا، اس طرح کے مسلح جتھے کو دارلحکومت پر حملہ آور ہونے کی کوئی آئین قانون اجازت نہیں دیتا، نہ ہی کوئی بھی عدالت اجازت دے گی، اس طرح کی چیزوں کو روکا جانا چاہیئے۔

(جاری ہے)

احتجاج کی اجازت مل سکتی ہے ، تین بنیادی شرائط ہیں ، احتجاج میں کوئی شخص مسلح نہیں ہوگا، دوسری شرط پرامن ہونے کی یقین دہانی کرانا، تیسری شرط یہ کہ اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ بیٹھ کر احتجاجی لانگ مارچ کی شرائط کو طے کرنا ہے۔ لیکن جس جماعت کے کریڈٹ میں 9مئی ہو، اس جماعت پر اعتبار کون کرے گا؟
ایجنسیز کی رپورٹ ہیں جن کو مزید ویریفائی کیا جارہا ہے، تحریک انصاف 27 ستمبر کو 9 مئی سے بڑی غلطی دہرانے جارہے ہیں، جس کا ان کو بھی خود اندازہ نہیں ہے، بہتر ہوگا کہ پی ٹی آئی اپنے رویے پر نظر ثانی کرے۔