وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے لیا

مختلف شہروں میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ پر برہمی کا اظہار‘کسی بھی علاقے میں دو گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 11 ستمبر 2026 18:57

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 ستمبر ۔2026 ) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے لیا وزیراعظم کی زیرصدارت ملک میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ پر اہم جائزہ اجلاس ہوا، وزیراعظم نے ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ پر برہمی کا اظہار کیا.

(جاری ہے)

وزیراعظم آفس کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے کسی بھی علاقے میں دو گھنٹے سے زیادہ لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کردی خطے کی حالیہ صورتحال میں آرایل این جی کی فراہمی سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور ترسیلی مشکلات سے آر ایل این جی کی فراہمی متاثر ہوئی، آرایل این جی کی فراہمی متاثرہونے سے بجلی کی پیداوار میں کمی ہوئی، طلب ورسد میں توازن برقرار رکھنے کے لیے مجبورا لوڈ مینجمنٹ کرنی پڑرہی ہے. وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آر ایل این جی کی ترسیل میں تعطل سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور تمام موجود وسائل کا موثر استعمال کیا جائے اور کسی علاقے میں دو گھنٹے سے زیادہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ ہو اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ڈسکوز کی سطح پر کنزیومر گریوینس ریڈریسل کمیٹیاں قائم کرنے کے احکامات دیے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ریڈریسل کمیٹی میں عوامی نمائندگی بھی ہونی چاہیے، ایک ہفتے کے اندر گریونس کمیٹیوں کو فعال کیا جائے.