وزیراعظم کا ریلیف پیکیج مشکل معاشی حالات میں عوام کیلئے اہم سہارا ہے‘ملک افضل کھوکھر

بدھ 16 ستمبر 2026 16:34

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2026ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر نے عوام کے لیے وزیراعظم ریلیف پیکیج کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کے نرخوں میں اضافے کا رجحان ترقی پذیر ممالک کے عوام کے لیے مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہا ہے، ایسے حالات میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی ہدایت پر عوام کو درپیش مشکلات کا احساس کرتے ہوئے شاندار ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے، جو مشکل معاشی حالات میں عوام کے لیے اہم سہارا ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پیدا ہونے والی معاشی صورتحال اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات براہ راست عام آدمی کی زندگی پر مرتب ہوتے ہیں اور مہنگائی کے دبا میں اضافہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ایسے وقت میں حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنا خوش آئند ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہمیشہ مشکل حالات میں عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور موجودہ ریلیف پیکیج بھی اسی عوام دوست پالیسی کا تسلسل ہے۔ملک افضل کھوکھر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت عوام کو ریلیف دینے اور معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ عوامی مشکلات کا احساس اور انہیں کم کرنے کے لیے بروقت فیصلے حکومت کی ترجیحات کا واضح اظہار ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات کے نتیجے میں عوام کو مزید ریلیف ملے گا اور ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہوگی۔