متحدہ عرب امارات میں منی لانڈرنگ کے الزام میں انٹرپول کو مطلوب بین الاقوامی گینگ کا سرغنہ گرفتار

سویڈن میں بھی گینگ کے 6 ارکان گرفتار، نیٹ ورک نے 10 ماہ میں 7 کروڑ سویڈش کرونا(تقریباً2 کروڑ 65 لاکھ درہم) کی مبینہ منی لانڈرنگ کی تھی

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 18 ستمبر 2026 13:22

متحدہ عرب امارات میں  منی لانڈرنگ کے الزام میں انٹرپول کو مطلوب بین ..
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر 2026ء)  سرحد پار منظم جرائم کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ نے منی لانڈرنگ کے شبے میں انٹرپول کے ریڈ نوٹس کے تحت مطلوب ایک سویڈش شہری کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار شخص کو ایک بین الاقوامی جرائم پیشہ گینگ کا سرغنہ بتایا گیا ہے۔ عرب میڈیا ’خلیج ٹائمز‘  کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے گرفتاری متحدہ عرب امارات اور سویڈن کے درمیان مشترکہ سکیورٹی آپریشن کے نتیجے میں عمل میں آئی۔

کارروائی کے دوران سویڈن میں بھی اسی گینگ کے 6 ارکان کو بیک وقت گرفتار کیا گیا، جس سے بین الاقوامی سطح پر سرگرم جرائم پیشہ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کو تقویت ملی۔ وزارت داخلہ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ مذکورہ جرائم پیشہ نیٹ ورک نے صرف 10 ماہ کے دوران تقریباً 7 کروڑ سویڈش کرونا، یعنی 2 کروڑ 65 لاکھ درہم کے مساوی رقم کا لین دین کیا۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق گینگ مجرمانہ سرگرمیوں سے حاصل ہونے والی نقد رقوم کو دیگر جرائم پیشہ عناصر تک منتقل کرنے کے لیے استعمال کرتا تھا۔ نیٹ ورک نے مالی وسائل کی منتقلی اور رقوم کی قدر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیے کرپٹو کرنسی کا بھی استعمال کیا۔ وزارت داخلہ نے بتایا کہ کرپٹو کرنسی کے لین دین کا سراغ لگانے اور ڈیجیٹل شواہد کے تجزیے سے جرائم پیشہ نیٹ ورک کے دیگر غیر قانونی سرگرمیوں سے مالی روابط بھی سامنے آئے۔

ان سرگرمیوں میں منظم جرائم اور معاوضے کے عوض قتل جیسے سنگین جرائم شامل ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں گرفتار کیے گئے سویڈش شہری کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزم سویڈن سے فرار ہو کر متحدہ عرب امارات پہنچا تھا اور منی لانڈرنگ میں مبینہ ملوث ہونے کے شبے میں انٹرپول کے ریڈ نوٹس کے تحت مطلوب تھا۔ متحدہ عرب امارات اور سویڈن کی مشترکہ کارروائی کو سرحد پار جرائم اور غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں کے خلاف اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔