مزار قائد کے پوڈیم تک عوامی رسائی کی پابندی ختم کرنے پر غور

عام افراد کے داخلے کو منظم کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر شرقی کی سربراہی میں کمیٹی قائم، 2 ہفتوں میں رپورٹ طلب

بدھ 30 ستمبر 2026 17:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2026ء) کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار کے پوڈیم تک عام افراد کی رسائی کی پابندی ختم کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مزار قائد پر عام افراد کے داخلے کو منظم کیا جائے گا، جبکہ سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ کی ذیلی کمیٹی کی ہدایت کی روشنی میں عوام کو مزار کے پوڈیم تک جانے کی اجازت دینے کی تجویز کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

اس مقصد کیلئے ڈپٹی کمشنر شرقی نصر اللہ عباسی کی سربراہی میں جائزہ کمیٹی قائم کردی گئی، جس میں ایس ایس پی شرقی زبیر نذیر شیخ، پاکستان رینجرز، مزار قائد مینجمنٹ بورڈ اور متعلقہ اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو 2 ہفتوں میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اجلاس میں مزار قائد کے سیکیورٹی انتظامات اور عام افراد کے داخلے کے طریقہ کار کو مزید جامع اور جدید بنانے پر بھی غور کیا گیا۔

کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ مزار کے داخلی دروازوں پر سیکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے اور واچ ٹاورز کو فعال رکھا جائے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مزار قائد کے مرکزی دروازے پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور 173 سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جارہی ہے۔ میوزیم میں داخلے کیلئے 30 روپے ٹکٹ مقرر ہے، جبکہ پارک میں عمومی داخلہ مفت ہے۔ سیکیورٹی کیلئے 24 گھنٹے کی شفٹوں میں 68 اہلکار تعینات ہیں۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شرقی، ایس ایس پی شرقی، پاکستان رینجرز، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ مزار قائد مینجمنٹ بورڈ کے نمائندے عبدالعلیم شیخ نے عام افراد کے داخلے کی پالیسی اور سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔