امریکی محکمہ دفاع کا خودکار جنگی کمانڈ کے قیام کا اعلان

جمعرات 1 اکتوبر 2026 09:12

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2026ء) امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ محکمہ دفاع ’’خودکار جنگی کمانڈ‘‘ قائم کر رہا ہے، جو چار ستارہ کمانڈ ہوگی اور مسلح افواج میں خودکار اور روبوٹک صلاحیتوں کو وسیع پیمانے پر بروئے کار لانے کے لیے خدماتی اداروں جیسے اختیارات رکھے گی۔شنہوا کے مطابق پیٹ ہیگستھ نے ورجینیا میں امریکی میرین کور بیس کوانٹیکو میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی کمانڈ کا مقصد خودکار اور روبوٹک ٹیکنالوجی کو امریکی افواج میں وسیع پیمانے پر متعارف کرانا ہے۔

نئی کمانڈ پینٹاگون کی ڈرونز اور جدید ٹیکنالوجی کی خریداری، آزمائش اور تعیناتی کے طریقہ کار میں نمایاں تبدیلی لائے گی۔ پینٹاگون نے خودکار جنگی صلاحیتوں پر اخراجات میں تین گنا اضافے کی کوشش کی ہے اور بجٹ درخواست میں ڈرون اور ڈرون مخالف ٹیکنالوجی کے لیے 74 ارب ڈالر مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع نے مزید بتایا کہ ٹیکنالوجی ارب پتی ایلون مسک، ٹیک کاروباری پالمر لکی اور ری پبلکن رہنما و سابق اسپیکر ایوان نمائندگان نیوٹ گنگرچ ’’پروجیکٹ میریڈیئن‘‘ کی مشترکہ قیادت کریں گے، جس کا مقصد ’’جنگ کے مستقبل‘‘ کا جائزہ لینا ہے۔

انہوں نے امریکی جنرلز اور ایڈمرلز کی تعداد میں 20 فیصد کمی کرنے اور ایک نئے فوجی اڈے کے قیام کے منصوبے کا بھی اعلان کیا، جہاں 15 ہزار سے 20 ہزار امریکی فوجیوں کی تعیناتی متوقع ہے۔