اسلام آباد، عدالت کا زرتاج گل اور عمر ایوب کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم

سنگجانی جلسہ کیس میں شیخ وقاص اکرم اور زین قریشی کیخلاف اشتہاری کی کاروائی کا آغاز، علیمہ خان اور دیگر کے خلاف 26 نومبر احتجاج کیس کا فیصلہ پھر موخر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 1 اکتوبر 2026 15:39

اسلام آباد، عدالت کا زرتاج گل اور عمر ایوب کے نام ای سی ایل میں ڈالنے ..
اسلام آباد/راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم اکتوبر ۔2026 ) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سنگجانی جلسہ کیس میں پی ٹی آئی کے راہنماﺅں کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی،عدالت نے زرتاج گل اور عمر ایوب کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیدیا، دونوں کی جائیدادوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئیں شیخ وقاص اکرم اور زین قریشی کیخلاف اشتہاری کی کاروائی شروع کردی گئی جبکہشعیب شاہین، علی بخاری اور علی شاہ کی حاضری سے استثنی کی درخواستیں منظورکرلی گئیں، کیس کی مزید سماعت 31اکتوبر2026تک ملتوی کردی گئی.

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پی ٹی آئی راہنماﺅں کیخلاف تھانہ سنگجانی میں مقدمہ درج ہے ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس خادم حسین سومرو نے پی ٹی آئی کے دو ممبران اسمبلی عادل بازئی اور داوڑ کنڈی کی تھری ایم پی او کے تحت حراست کے خلاف کیس کی سماعت کی ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی طرف سے جواب جمع نہ کرایا جا سکا جس پر عدالت نے پیر تک مہلت دے دی،جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس دئیے کہ پیر کو میں دستیاب نہیں ہوں گا کیس کسی دستیاب بنچ میں مقرر کیا جائے گا. اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل آفس نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جواب جمع کرانے کیلئے بدھ تک مہلت دینے کی استدعا کی جس پرجسٹس خادم حسین سومرو نے ہدایت کی کہ بدھ نہیں پیر تک جواب جمع کرائیں، عدالت نے کیس کی سماعت پیر 5 اکتوبر تک ملتوی کر دی یاد رہے کہ عادل بازئی اور داوڑ کنڈی کی جانب سے ایم پی او کے تحت حراست کالعدم قرار دینے کی درخواستیں دائر کی گئی تھیں.