26نومبراحتجاج کیس:عدالت نے علیمہ خان کے خلاف فیصلہ ایک بار پھر موخرکردیا

محفوظ فیصلہ آج سنایا جانا تھا‘ہم نے عدالت سے صفائی میں دلائل سننے کی استدعا کی ہے.وکیل صفائی کی گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 1 اکتوبر 2026 15:41

26نومبراحتجاج کیس:عدالت نے علیمہ خان کے خلاف فیصلہ ایک بار پھر موخرکردیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم اکتوبر ۔2026 ) انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس کا فیصلہ ایک بار پھر موخر کر دیا، تھانہ صادق آباد میں درج 26 نومبر احتجاج کیس میں علیمہ خان اور دیگر کے خلاف محفوظ فیصلہ جمعرات کو سنایا جانا تھا، عدالت نے سماعت 9 اکتوبر2026 تک ملتوی کردی ہے.

(جاری ہے)

علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک ایڈووکیٹ نے انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے 9 اکتوبر کی تاریخ دے دی ہے،کیس میں فیصلہ نہیں ہونا تھا کیونکہ ہم نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے،جس میں استدعا کی گئی ہے وکیل صفائی کے دلائل سنے جائیں.

ہمارے دلائل سنے بنا عدالت فیصلہ نہیں کرسکتی وکیل فیصل ملک ایڈووکیٹ نے کہا کہ علیمہ خان پر الزام ہے کہ انہوں نے عمران خان کا پیغام دیا،26 نومبر احتجاج کی بات تو وزیر داخلہ نے بھی کی تھی ان پر ایف آئی درج کیوں نہیں گئی؟علیمہ خان پر ایف آئی آر درج کردی گئی پی ٹی آئی نے کوئی غیر قانونی پیغام نہیں دیا،پرامن احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے،امید کرتے ہیں کہ عدالت ہماری درخواست ضرور سنے . انہوں نے دعوی کیا کہ عدالت کی جانب سے فیصلہ محفوظ کرنے کی اطلاع میڈیا کے ذریعے معلوم ہوئی.