سابق کرکٹرز کے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے دوروں کا سلسلہ شروع

راشد لطیف کا ہائی پرفارمنس سنٹر کا دورہ، بائیو مکینک لیب اور جدید سہولیات کو سراہا، کلب کرکٹ جلد بحال کرنے پر زور

جمعہ 2 اکتوبر 2026 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2026ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر سابق کرکٹرز کے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے دوروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ،پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہائی پرفارمنس سنٹر کا دورہ کیا ۔ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے سابق کپتان راشد لطیف کو بریفنگ دی ۔سابق کپتان راشد لطیف نے ہائی پرفارمنس سنٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا کہ سابق کرکٹرز کو بلانے کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے ، سب سے پہلے سابق کپتان راشد لطیف ہمارے پاس آئے ہیں ، ہر ہفتے ایک سابق کرکٹرکو ہائی پرفارمنس سنٹر بلایا جائے گا ، مقصد یہ ہے کہ سابق کرکٹرز کو بتایا جائے کہ کیا کام کیا جا رہا ہے ، سابق کرکٹرز کو اکیڈمیز، ان کے طریقہ کار اور ٹریننگ کی سہولیات کے حوالے سے آگاہ کرنا ہے ، سابق کرکٹرز سے فیڈ بیک ملے گا اور وہ بہتر مشورے بھی دیں گے ، سابق کرکٹرز کے فیڈ بیک سے ہمیں اپنے کام کو مزید بہتر کرنے کا موقع ملے گا ،سابق کرکٹرز کی مشاورت سے پلئیرز کو مزید بہتر انداز میں گروپ کرنے کا بھی موقع ملے گا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ عاقب جاوید اور میں طویل عرصہ ایک ساتھ کھیلتے رہے ہیں ،عاقب جاوید نے دعوت دی تو میں ہائی پرفارمنس سنٹر میں کام دیکھنے آیا ہوں ،نیشنل کرکٹ اکیڈمی ہمارے سامنے بنی ہے ہم یہاں ٹریننگ بھی کرتے رہے ہیں ، ایل سی سی اے گرائونڈ سے اچھی یادیں ہیں اب اسے بہتر کر دیا گیا ہے ، ایل سی سی اے گرائونڈ میں اسکوائر کی پچز بڑھ گئی ہیں سنٹر پچ پر بھی کھیلنے کی سہولت ہے ، میں سمجھتا ہوں کہ اس سے مثبت چیزیں سامنے آئیں گی ،سب سے اچھی چیز بائیو مکینک لیب ہے ابھی اس نے مکمل ہونا ہے لیکن اس کا بہت فائدہ ہونے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوچز اور کھلاڑیوں کے لیے بائیو مکینیک لیب کا ہونا بہت ضروری ہے اس کے بغیر آگے نہیں بڑھا جا سکتا ، بائیو مکینیک لیب سے پاکستان کرکٹ میں بہتری آئے گی ،جدید بولنگ مشین کو دیکھ کر بہت اچھا لگا بیٹرز میں بہتری آئے گی ۔میں کہوں گا کہ کلب کرکٹ کو بحال کریں اسکول کرکٹ شروع ہو چکی ، کلب کرکٹ کا ہونا بہت ضروری ہے درخواست ہے جلد بحال کریں ،کلب کرکٹ پاکستان کرکٹ کو اوپر لیجانے کے لیے ایک بہت بڑا ہتھیار ہے ۔