ْپنجاب یونیورسٹی میں ہیومن سینٹرڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس لیبارٹری کا افتتاح 7 اکتوبر کو ہوگا

ہفتہ 3 اکتوبر 2026 11:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2026ء) پنجاب یونیورسٹی کی فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ہیومن سینٹرڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس لیبارٹری کا افتتاح 7 اکتوبر کو ہوگا۔لیبارٹری ترکیہ کی ٹیکا،وزارت ثقافت و سیاحت ترکیہ اور پنجاب یونیورسٹی کے اشتراک سے قائم کی گئی ہے۔افتتاحی تقریب میں ترکیہ کا اعلی سطحی وفد شرکت کرے گا جبکہ ٹیکا کے نائب صدر علی ایرجان، پنجاب یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود سلیم اور دیگر حکام بھی موجود ہوں گے۔

تقریب میں انسانی مرکز مصنوعی ذہانت لیبارٹری کے قیام، ماضی کی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی۔لیبارٹری جدید کمپیوٹنگ اور سرور سہولیات سے لیس ہوگی، جہاں پاکستان اور ترکیہ کے محققین، اساتذہ اور طلبہ مشترکہ تحقیق اور علمی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں گے۔

(جاری ہے)

پنجاب یونیورسٹی اور ترکیہ کی یلدز ٹیکنیکل یونیورسٹی کے درمیان انسانی مرکز مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تعلیمی و تحقیقی تعاون کا معاہدہ بھی طے پا چکا ہے۔

معاہدے کے تحت دونوں جامعات مشترکہ تحقیقی منصوبوں، طلبہ و اساتذہ کے تبادلوں، پوسٹ گریجویٹ تحقیق اور تعلیمی وسائل کے تبادلے کو فروغ دیں گی۔اگلے پانچ برسوں میں 10 سے زائد مشترکہ تحقیقی مقالوں، کم از کم 5 بیرونی مالی معاونت والے مشترکہ منصوبوں اور 20 سے زائد ایم فل و پی ایچ ڈی تحقیقی مقالوں کی معاونت کے اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔