ایشین گیمز ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا

ہفتہ 3 اکتوبر 2026 18:21

ایشین گیمز  ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو شکست دے کر کانسی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2026ء) 20ویں ایشین گیمز ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-5 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا۔گِفو پریفیکچرل گرین اسٹیڈیم میں کھیلے گئے براونز میڈل میچ میں پاکستان نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ میچ کے چوتھے منٹ میں سفیان خان نے پینلٹی کارنر پر گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی تاہم جنوبی کوریا نے 12ویں، 18ویں اور 25ویں منٹ میں گول کرکے برتری حاصل کرلی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے عبد الرحمان نے 30ویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر گول کیا جبکہ رانا وحید نے 52ویں اور 54ویں منٹ میں دو گول کرکے پاکستان کو دوبارہ برتری دلائی۔ حنان شاہد نے 59ویں منٹ میں شاندار گول کرکے پاکستان کی فتح پر مہر ثبت کردی۔جنوبی کوریا کی جانب سے لی گانگسن، کم یونگ بوک اور ینگ جیہن نے گول اسکور کیے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی ٹیم، کھلاڑیوں اور آفیشلز کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ٹیم مستقبل میں بھی پاکستان کا نام روشن کرتی رہے گی۔