غیرقانونی طورپربھارت کے زیر تسلط جموں وکشمیرمیں مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق

پیر 5 اکتوبر 2026 15:06

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2026ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر تسلط جموں وکشمیرمیں مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بارہمولہ کے علاقے سنگری بائی پاس پر تعمیراتی کام کے دوران ایک ٹریکٹر الٹنے سے 2 مزدور جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت رام بن چندرکوٹ کے رہائشی 32 سالہ محمد رائق اور جموں کے علاقے جاجر کوٹلی کے رہائشی 45 سالہ عبدالوحید کے طور پر ہوئی ہے۔

زخمی مزدور کی شناخت بارہمولہ کے رہائشی عمران احمد ڈار کے طور پر کی گئی ہے۔ ضلع بارہمولہ میں پٹن کے علاقے اندرگام میں 35سالہ شبیر احمد گنائی درخت سے گرنے کے باعث جاں بحق ہوگیا۔ وہ اندرگام پٹن کا رہائشی تھا۔ ضلع اسلام آباد کے علاقے بیج بہارہ میں حسن پورہ کا رہائشی جاوید احمد خان ایک مسجد کی چھت سے گر کر جاں بحق جبکہ اسی علاقے کا رہائشی شب الاسلام گنائی زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ء ضلع ریاسی کی تحصیل کٹرہ کے علاقے کنیالاں سے تعلق رکھنے والا 28 سالہ ترون ورما اپنی رہائش گاہ پر مردہ پایا گیا۔ ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ مذکورہ شخص کو علی الصبح اپنے گھر میں بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا۔ اسے ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہے۔