اساتذہ قوم کے مستقبل کے معمار اور نئی نسل کے رہنما ہیں، گورنر سندھ

پیر 5 اکتوبر 2026 18:52

اساتذہ قوم کے مستقبل کے معمار اور نئی نسل کے رہنما ہیں، گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2026ء) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اساتذہ کرام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ کسی بھی معاشرے کی فکری، اخلاقی اور تعلیمی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ استاد قوم کے مستقبل کے معمار اور نئی نسل کی رہنمائی کا اہم ذریعہ ہوتا ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ ایک اچھا استاد صرف کتابی علم منتقل نہیں کرتا بلکہ طلبہ کی شخصیت، کردار اور سوچ کی بھی تعمیر کرتا ہے۔

تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کی بہتر تربیت یلئے اساتذہ کی خدمات قابل تحسین اور ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اساتذہ کو ان کا جائز مقام دینے کے ساتھ ساتھ ان کے احترام اور وقار کو یقینی بنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

اساتذہ کی فلاح و بہبود، جدید تدریسی تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ ورانہ تربیت اور انہیں ضروری سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے تیزی سے بدلتے دور میں اساتذہ کا کردار مزید اہم ہوگیا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں تعلیمی عمل کا حصہ بنانے اور طلبہ کی تخلیقی و تنقیدی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اساتذہ کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ مضبوط تعلیمی نظام، معیاری تعلیم اور باصلاحیت و باکردار اساتذہ ہی پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔ عالمی یوم اساتذہ ہمیں اپنے اساتذہ کی گراں قدر خدمات کو یاد کرنے، انہیں خراج تحسین پیش کرنے اور ان کے احترام و وقار کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔