خصوصی بچوں کی فلاح وبہبود اور تحفظ کیلئے ایک طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے، صدرممنون حسین، خصوصی افراد کو بہتر مستقبل فراہم کرنے کے لئے بالخصوص ذرائع ابلاغ، غیر سرکاری تنظیموں اور مخیر حضرات کو مل جل کر کوششیں بروئے کار لانا ہوں گی، معذور بچے دوسرے افراد کی طرح معاشرے کا اہم حصہ ہیں، ذرائع ابلاغ آٹزم کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کیلئے قائدانہ کردار ادا کریں اور لوگوں کو اس بات پر قائل کریں کہ وہ بیماری کا شکار بچوں کو معاشرے میں نمایاں مقام دیں،آٹزم سے آگاہی کے عالمی دن کے سلسلے میں تقریب سے خطاب

جمعرات 3 اپریل 2014 05:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اپریل۔2014ء )صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ خصوصی بچوں کی فلاح وبہبود اور تحفظ کیلئے ایک طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے، جس میں نہ صرف خصوصی ضروریات کے حامل افراد کو سہولت حاصل ہو بلکہ انہیں بھرپور تحفظ کے احساس کے ساتھ ایک مفید شہری کی حیثیت سے اپنا موثر کردار ادا کرنے میں مدد ملے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کواسلام آباد میں آٹزم سے آگاہی کے عالمی دن کے سلسلے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

آٹزم (بچوں میں اپنی ذات میں مگن رہنے اور غیر متوازن ذہنی نشو و نما کی کیفیت) کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے حوالے سے ایوان صدر میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کو بہتر مستقبل فراہم کرنے کے لئے بالخصوص ذرائع ابلاغ، غیر سرکاری تنظیموں اور مخیر حضرات کو مل جل کر کوششیں بروئے کار لانا ہوں گی۔

(جاری ہے)

آ ٹزم ایک ایسی بیماری ہے جس سے انسان روزمرہ کے معمولات میں حصہ نہیں لے سکتا۔

صدر نے کہا کہ معذور بچے دوسرے افراد کی طرح معاشرے کا اہم حصہ ہیں۔انہوں نے ذرائع ابلاغ سے کہا کہ آٹزم کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کیلئے قائدانہ کردار ادا کریں اور لوگوں کو اس بات پر قائل کریں کہ وہ بیماری کا شکار بچوں کو معاشرے میں نمایاں مقام دیں۔خیال رہے کہ آٹزم بچوں میں ایک ایسی عدم استطاعت ہے جو ان کے وجود میں پیدائشی طور پر پائی جاتی ہے اور اس کا اثر بچے کے معلومات حاصل کرنے کے عمل پر ہوتا ہے اور اس عمل کی وجہ سے وہ معاشرتی میل جول سے گریز کرتا ہے، یہ دوسروں کے ساتھ عدم رابطہ کی کیفیت بھی ہے جس میں بچے کی ساری دلچسپی اپنی ذات پر مرکوز ہو کر رہ جاتی ہے اور وہ اپنی ایک الگ ہی دنیا میں مگن رہتا ہے، ایسے بچے یا افراد دوسرے لوگوں کی طرح ملنساری، دوستی، جذبات اور احساسات سمجھ نہیں پاتے، ان میں غیر متوقع صلاحیت اور قابلیت تو موجود ہوتی ہے تاہم ان کی عقلی اور علمی نشو و نما کا تسلسل متوازن نہیں ہوتا۔

ملک کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ ایوان صدر میں اس دن کے موقع پر تقریب کا اہتمام کیا گیا جو آٹزم کے بارے میں وسیع تر شعور اجاگر کرنے کے لئے دنیا بھر میں منایا جاتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :