عیدالفطر کے موقع پر ملک کے کئی علاقوں میں بارش کا امکان

محکمہ موسمیات نے 10 سے 15 اپریل تک ملک کے مختلف حصوں میں آندھی تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کردی

Sajid Ali ساجد علی پیر 8 اپریل 2024 16:49

عیدالفطر کے موقع پر ملک کے کئی علاقوں میں بارش کا امکان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اپریل 2024ء ) عیدالفطر کے موقع پر ملک کے کئی علاقوں میں بارش کا امکان ہے کیوں کہ محکمہ موسمیات نے 10 سے 15 اپریل تک ملک کے مختلف حصوں میں آندھی تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کردی۔ تفصیلات کے مطابق 10 اپریل کو مغربی ہواوں کا سلسلہ ملک کے جنوبی حصوں میں داخل ہو گا، 12 اپریل کو مغربی ہواوں کا ایک اور سلسلہ ملک میں داخل ہو گا جو 15 اپریل تک جاری رہے گا، اس دوران خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں، آندھی اور بارش کا امکان ہے، سوات، مردان، پشاور، ایبٹ آباد، مانسہرہ ،کوہاٹ، لکی مروت، بنوں اور کرک میں بادل برسنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 10 سے 15 اپریل کے دوران کشمیر اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، اس دوران پنجاب کے مختلف اضلاع سمیت اسلام آباد، مری اور گلیات میں آندھی اور وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے، صوبہ سندھ میں سکھر، جیکب آباد، کشمور، لاڑکانہ، دادو، قمبر شہداد کوٹ میں 13 اور 14 اپریل کو بارش متوقع ہے، جامشورو، سانگھڑ میں 13 اور 14 اپریل کو تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، کراچی اور حیدر آباد میں بھی 13سے 14اپریل تک بارش ہوسکتی ہے، اس کے علاوہ 12 سے 14 اپریل کے دوران بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے عید کی تعطیلات پر سیاحوں کے لیے ایڈوائزری بھی جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ 13 سے 15 اپریل کے دوران دیر، سوات، چترال اور کاغان میں موسلا دھار بارشوں سے طغیانی کا خدشہ ہے، موسلا دھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور شاہرائیں بند ہونے کے خدشات ہے، اس لیے شہری 13 سے 15 اپریل کے دوران بالائی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں، اس کے علاوہ سیاحوں کو سفر کے دوران سیاحتی مقامات کی انتظامیہ سے رابطے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔