131 فیڈرز میں لائن لاسز زیادہ ہیں جہاں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ہورہی ہے،عابدشیرعلی،اپوزیشن لائن لاسز کو دور کرنے کیلئے اگر کوئی پالیسی لائے تو اسے خوش آمدید کہوں گا،کراچی الیکٹرک کمپنی اپنے جنریشن پلانٹ وفاقی حکومت کو دیدے تو کراچی میں لوڈشیڈنگ ختم کردیں گے،قو می اسمبلی میں جواب

جمعرات 5 فروری 2015 06:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5فروری۔2015ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ 131 فیڈرز میں لائن لاسز زیادہ ہیں جہاں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ہورہی ہے اس کے علاوہ ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی‘ نہروں کی بندش کی وجہ سے ہائیڈل کی پیداوار 6900 سے کم ہوکر 2100 میگاواٹ رہ گئی ہے‘ کراچی الیکٹرک کمپنی اپنے جنریشن پلانٹ وفاقی حکومت کو دیدے تو کراچی میں لوڈشیڈنگ ختم کردیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن اسمبلی شازیہ مری کے نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہاکہ ملک میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہے۔ شہری علاقوں میں چھ سے سات اور دیہی علاقوں میں آٹھ سے نو گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

نیشنل گرڈ سے ڈسکوز کو 9600 میگاواٹ بجلی دی جاتی ہے آگے ڈسکوز علاقوں کی فہرست کے مطابق بجلی فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 131 فیڈرز پر لاسز کی شرح زیادہ ہے جہاں لوڈشیڈنگ بھی زیادہ ہے۔ ہمارے سٹاف کو سندھ میں گولیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ کراچی پاکستان کی شہ رگ ہے۔ کراچی الیکٹرک کے جنریشن پلانٹ وفاقی حکومت کو دے دئیے جائیں تو کراچی میں صفر فیصد لوڈشیڈنگ کردیں گے۔ ڈسکوز کی ڈیمانڈ کے مطابق بجلی فراہم کی جاتی ہے۔ ہائیڈل 6900 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے۔

نہروں کی بندش کی وجہ سے مسئلہ ہے۔ نہروں کی بندش کی وجہ سے پیداوار 2100 میگاواٹ رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی کمپنی کی طرف سے 3100 میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ وفاقی وزارت 70 ارب روپے کراچی کو سبسڈی دے رہی ہے۔ اگر کمپنی اپنے پاور پلانٹس وزارت کو دیدے تو لوڈشیڈنگ ختم کردیں گے۔ ہم کمپنی کے نہیں پاکستان کے نمائندے ہیں۔ اپوزیشن لائن لاسز کو دور کرنے کیلئے اگر کوئی پالیسی لائے تو اسے خوش آمدید کہوں گا۔