بھارت پاکستان کے یوم یکجہتی منانے پر سیخ پا ہوگیا ،پاکستانی حکام اور”بدنام عناصر“ کی جانب سے نام نہاد کشمیر ڈے منانے کا اقدام بے سود کاوش اور ان کے توسیع پسندانہ عزائم کا آئینہ دار ہے،ترجمان بھارتی وزارت خارجہ ،پاکستان کو اس قسم کی حرکتیں کرنے کی بجائے اپنے مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہئے، جموں وکشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور رہے گا،سید اکبرالدین

جمعہ 6 فروری 2015 09:22

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6فروری۔2015ء)بھارت نے پاکستان کی جانب سے کشمیری عوام سے یوم یکجہتی منانے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی حکام اور”بدنام عناصر“ کی جانب سے نام نہاد کشمیر ڈے منانے کا اقدام بے سود کاوش اور ان کے توسیع پسندانہ عزائم کا آئینہ دار ہے،پاکستان کو اس قسم کی حرکتیں کرنے کی بجائے اپنے مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ بات وزارت امور خارجہ کے ترجمان سید اکبرالدین نے کہی۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی رہنماؤں اور بدنام عناصر جو کہیں بھی مطلوب ہیں،کی جانب سے کی جانے والی مختلف سرگرمیوں سے آگاہ ہیں۔پاکستان کی جموں وکشمیر میں خود کو تباہ کرنے والی اورتوسیع پسندانہ عزائم کے حوالے سے بے سود کوشش اچھی طرح سے جانی پہچانی ہے۔

(جاری ہے)

وہ پاکستان میں 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے مختلف جماعتوں اور گروپوں کی جانب سے نکالی جانے والی ریلیوں اور تقاریر پر بھارت کے مؤقف سے متعلق سوال کا جواب دے رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے یہ وقت ہے کہ وہ اپنے مسائل پر توجہ دینا شروع کرے جن سے وہ نبردآزما ہے،بجائے اس کے کہ ایسی چیزوں پر توجہ دی جائے جو کہ ان کی ہیں اور نہ کبھی ہوں گی۔انہوں نے ایک بار پھر بھارت کے مؤقف کو دوہرایا کہ جموں وکشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور رہے گا۔جب ان سے سابق پاکستانی قومی سلامتی کے مشیر میجر جنرل محمود درانی کے موجودہ دورے اور ان رپورٹس سے متعلق کہ پاک بھارت مذاکرات میں کسی وقت بھی بحالی کیلئے اقدام سامنے آسکتا ہے انہوں نے اس حوالے سے رپورٹس کو مسترد کردیا ۔

متعلقہ عنوان :