پشاور، عالمی بینک کی خیبرپختونخوامیں توانائی منصوبوں کیلئے مالی معاونت کی پیشکش

جمعرات 3 دسمبر 2015 09:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3دسمبر۔2015ء)عالمی بینک نے حکومت خیبرپختونخوا کو صوبے میں سرکاری سطح پر توانائی کے منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے مالی معاونت کی فراہمی کی پیشکش کی ہے تاکہ پاکستان میں جاری توانائی بحران پر جلد ازجلد قابوپایا جاسکے۔ یہ پیشکش عالمی بینک کے سینئر پبلک سیکٹر سپیشلست شیر شاہ خان کی قیادت میں بینک کے مشن کی جانب سے خیبرپختونخواکے دورہ کے موقع پر دی گئی۔

مشن میں سینئر پبلک سیکٹر سپیشلست رونٹویانی اورڈیویلپمنٹ کنسلٹنٹ ورداخلیل ملک شامل تھے۔اس سلسلے میں عالمی بینک کے مشن نے چیف ایگزیکٹو پیڈو اکبر ایوب خان کے ساتھ ایک اجلاس کا انعقاد کیا ۔اجلاس میں محکمہ توانائی وبرقیات کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں عالمی بینک کے مشن کی جانب سے خیبرپختونخوامیں پائے جانے والے قدرتی آبی وسائل سے پیداہونے والی بجلی کے منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا اور اس مد میں صوبے باالعموم اور ملک بھر میں باالخصوص جاری توانائی بحران پر قابوپانے کے لئے مالی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پیڈوچیف اکبر ایوب خان نے ورلڈ بینک کے مشن کی جانب سے صوبے میں توانائی منصوبوں کے لئے مالی معاونت کی فراہمی کی پیشکش کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ جلد ہی اس سلسلے میں اعلیٰ حکام کے ساتھ بات چیت کرکے عالمی بینک سے اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :