امریکہ،جارجیا،ورجینیاسے سابق وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن جیت گئیں ،ڈونلڈٹرمپ الباما،میساچوسس،ٹینیسی،جارجیا اورورجینیاسے پارٹی نامزدگی جیتنے میں کامیاب رہے ہیں

جمعرات 3 مارچ 2016 10:15

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 3مارچ۔2016ء)امریکا میں صدارتی امیدواربننیکی خواہشمند ہیلری کلنٹن الباما،ٹینیسی،جارجیا اور ورجینیا سے ڈیموکریٹ پارٹی کی نامزدگی جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہیں،کئی دیگرریاستوں میں بھی ان کی پوزیشن مضبوط ہے جبکہ ہیلری کے حریف برنی سینڈرز اپنی ریاست ورمانٹ سے ڈیموکریٹ پارٹی کی نامزدگی جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔

ایگزٹ پولز کے مطابق سپرٹیوزڈے کے موقع پراب یہ بات اہم نہیں ہے کہ ڈیموکریٹ پارٹی کی نامزدگی کون جیتے گا بلکہ یہ بات اہم ہے کہ ہیلری کو برنی سینڈرز پر کس قدرزیادہ برتری حاصل ہوسکے گی۔امریکا میں صدارتی امیدوار بننے کے ری پبلکن خواہشمند ڈونلڈٹرمپ الباما،میساچوسس،ٹینیسی،جارجیا اورورجینیاسے پارٹی نامزدگی جیتنے میں کامیاب رہے ہیں اور کئی دیگرریاستوں میں انکی پوزیشن مستحکم ہے۔

(جاری ہے)

تاہم ورمونٹ میں ٹرمپ کو حریفوں سے سخت مقابلے کاسامنا ہے۔ری پبلکن پارٹی میں یہ دن اس لحاظ سے اہم ہے کہ یہ طے ہوجائے گاکہ ڈونلڈٹرمپ صدارتی امیدوار بنے توفہرست میں دوسرے نمبرپرکون ری پبلکن لیڈران کے مقابل ہوگا۔ری پبلکن امیدواروں کی تعداد زیادہ ہونے کے سبب دوسری اورتیسری پوزیشن پرری پبلکن پارٹی کے امیدواروں کوسخت مقابلے کاسامناہے۔

انتخابی جائزوں کے مطابق رپبلکن امیدواروں میں سے ڈونلڈ ٹرمپ نے پانچ ریاستوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ابتدائی انتخابی جائزوں کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ ورمونٹ میں اپنے حریفوں سے آگے ہیں جبکہ ورجینیا میں ان کا مارکو روبیو کے ساتھ سخت مقابلہ جاری ہے۔نیویارک سے تعلق رکھنے والے ارب پتی کاروباری شخصیت ٹرمپ کو ٹیکسس اور اوکلاہوما میں اپنے حریف ٹیڈ کروز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

واضح رہے کہ صدارتی انتخاب کے اس مرحلے کو امریکہ میں ’سپر ٹیوز ڈے ‘ کا نام دیا گیا ہے کیونکہ اس دن ایک ساتھ گیارہ ریاستوں میں ووٹ ڈالے جاتے ہیں اور کافی حد تک یہ واضح ہو جاتا ہے کہ ڈیموکریٹ اور رپبلکن جماعتوں کی طرف سے کونسا امیدوار صدارتی دوڑ میں اتارا جائے گا۔ڈونلڈ ٹرمپ اور ہلری کلنٹن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ اپنی اپنی جماعتوں کی جانب سے صدارتی نامزدگی حاصل کرنے کی کوششوں میں کامیاب ہو جائیں گے۔

ارب پتی کاروباری شخصیت ڈونلڈ ٹرمپ نے ابتدائی چار میں سے تین پرائمریز میں فتح حاصل کر کے ماہرین کو ششدر کر دیا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کا مقابلہ مارکو روبیو اور ٹیڈ کروز سے ہے۔ اگر ڈونلڈ ٹرمپ سپر ٹیوز ڈے کو بھی اپنی برتری برقرار رکھنے میں کامیاب ہو گئے تو انھیں رپبلکن پارٹی کا امیدوار بننے سے روکنا شاید کسی کے بس میں نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :