عالمی برادری خطے میں ایرانی مداخلتوں پر روک لگائے، سعودی عرب

تہران کی جانب سے باغیوں کو اسلحہ فراہم کرنا عالمی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے،سعودی وزیرخارجہ

ہفتہ 4 فروری 2017 23:08

ریاض/نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5فروری۔2017ء)سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مشرق وسطی کے ممالک بالخصوص یمن کے امور میں ایرانی مداخلتوں پر روک لگائی جائے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا یہ مطالبہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل آنتونیو گوترس کے ساتھ ان کی ملاقات کے دوران سامنے آیا۔

الجبیر کا کہنا تھا کہ تہران کی جانب سے باغیوں کو اسلحہ فراہم کرنا عالمی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

نیویارک روانگی سے قبل عادل الجبیر نے واشنگٹن میں نئی امریکی انتظامیہ کے کئی سینئر عہدے داروں سے ملاقات کی جس کے دوران خطے کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تعاون کی راہ پر بات چیت ہوئی۔یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے جمعرات کے روز ابو ظبی میں ایرانی سفارت خانے کے ناظم الامور کو طلب کر کے ایک احتجاجی یادداشت حوالے کی۔ یادداشت میں باور کرایا گیا ہے کہ ایران کا یمن میں باغیوں کو غیر قانونی طریقے سے ہتھیار فراہم کرنا سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی خلاف ورزی ہے جو اس عمل کو ممنوع قرار دیتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :