یہ ملک سب کا ہے،یہاں رہنے والے تمام عقائد اور مذاہب کے لوگوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، ہماری حکومت نے انتہاء پسندی اور دہشتگردی کو کم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں،وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا ہولی کی تقریب سے خطاب

جمعہ 24 مارچ 2017 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ مارچ ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک سب کا ہے کیونکہ یہاں بسنے والی ہر قوم کے ابائو اجداد نے قربانیاں دی ہیں، بیرون ملک پاکستان اور اسلام کے بارے میں غلط پرپیگنڈہ ہو رہا ہے، پاک بھارت زائرین معاہدہ 1974ء پر نظرثانی کیلئے دفتر خارجہ کو خط لکھا جائے گا۔

جمعہ کو یہاں ہولی کی سرکاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ملک سب کا ہے، اس لئے یہاں رہنے والے تمام عقائد اور مذاہب کے لوگوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، جتنی آزادی پاکستان میں ہے اتنی مذہبی آزادی دنیا کے کسی ملک میں شاید ہی ہو،پاکستان میں 10 مذہبی تہوار سرکاری سطح پر منائے جاتے ہیں، ہماری حکومت نے انتہاء پسندی اور دہشتگردی کو کم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں، ہم نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے 26 ممالک سے تعلق رکھنے والے مندوبین کو بلایا، جس سے ان کے ذہنوں میں پاکستان کے حوالے سے منفی تاثرات ختم ہوئے۔

(جاری ہے)

وزیر مذہبی امور نے کہا کہ پاکستان میں کسی فرقے کے خلاف قومیت کی بنیاد پر کوئی اختلاف ہیں ہے۔ مذہبی تہوار مل بیٹھنے کا ذریعہ ہوتا ہے، ہمیں عید، کرسمس سمیت تمام تہواروں میں شریک ہونا چاہیے،مختلف مذاہب کے درمیان روابط کو فروغ دینے اور ان کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے کیلئے جلد ہی اسلام آباد میں ڈائیلاگ سنٹر قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان زائرین 1974ء کے معاہدے کے تحت آتے جاتے ہیں، اس حوالے سے نیا معاہدہ کرنے کیلیء دفتر خارجہ کو خط لکھا جائے گا۔ وزیر مذہبی امور نے ہولی کی تقریب میں فن کا مظاہرہ کرنے والوں کیلئے 3 لاکھ رپے کا اعلان کیا۔