سعودی کمپنی چینی کمپنی کو 38ملین ریال ادا کرے،سعودی عدالت کا فیصلہ

منصفانہ فیصلے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مملکت میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کریں گے،ماہرین

بدھ 23 مئی 2018 23:18

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 23 مئی 2018ء)سعودی عدالت نے سعودی کمپنی کو 38ملین ریال چینی کمپنی کو ادا کرنیکا پابند بنادیا،منصفانہ فیصلے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مملکت میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کریں گے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جدہ کی عدالت نے سونا تلاش کرنے والی ایک سعودی کمپنی کو پابند کیا ہے کہ وہ چینی کمپنی کو 38ملین ریال معاوضہ ادا کرے۔

دونوں کمپنیوں کے درمیان سعودی عرب میں سونا تلاش کرنے کا معاہدہ ہوا تھا۔ اختلاف کی صورت میں چینی کمپنی نے جدہ کی عدالت میں کیس دائر کیا تھا جس کا فیصلہ اس کے حق میں آیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ دونوں کمپنیوں کے موقف کی سماعت اور دستاویزات کے جائزے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ چینی کمپنی دعوے میں حق بجانب ہے۔

(جاری ہے)

سعودی کمپنی اسی5دن کے اندر 38368509 ریال ادا کرے۔

دوسری جانب سعودی کمپنی نے فیصلہ تسلیم کرتے ہوئے چینی کمپنی کو تمام واجبات ادا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ قانونی ماہرین نے عدالتی فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے فیصلوں سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مملکت میں سرمایہ کاری کا حوصلہ ملے گا۔ فیصلے سے اندازہ ہوتا ہے کہ سعودی عرب میں عدالتی کارروائی تمام شک و شبہ سے بالاتر ہے۔ ماہرین کا کہناہے کہ وژن 2030اور نیوم منصوبے کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی نگاہیں مملکت پر ہیں۔ سینما اور تفریحی مراکز کے قیام کی وجہ سے عالمی کمپنیاں یہاں اپنی برانچیں کھولنا چاہتی ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے بہت ضروری ہے کہ انہیں یقین ہو کہ انکا سرمایہ یہاں محفوظ ہے۔