یورپی ملک کی پارلیمنٹ میں حزب اختلاف نے آنسو گیس استعمال کر ڈالی

ْماضی میں بھی پارلیمنٹ میں رائے شماری رکوانے کے لئے آنسو گیس کے شیل استعمال کی جا چکی ہے

جمعہ 25 مئی 2018 20:24

پیرسٹینا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 25 مئی 2018ء)کوسوو میں پارلیمنٹ میں حزب اختلاف نے آنسو گیس استعمال کر ڈالی،وڈیو وائرل ہو گئی،مذکورہ پارٹی ماضی میں بھی رائے شماری رکوانے کے لیے اسی حربے کو آزما چکی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کوسوو میںپارلیمنٹ کے اندر حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے ارکان نے آنسو گیس کے شیل چلائے۔

اس اقدام کا مقصد پڑوسی ملک مونٹی نیگرو کے ساتھ سرحدی معاہدے کی منظوری کی کارروائی کو روکنے کی کوشش کرنا تھا۔سوشل میڈیا پر پھیلی وڈیو میں کوسوو کے دارالحکومت بریشٹینا میں واقع پارلیمنٹ کے اندر ارکان اپنی آنکھوں کو ملتے ہوئے ہال سے باہر جاتے نظر آ رہے ہیں۔آنسو گیس اپوزیشن کی جماعتLevizja Vetvendosje کی جانب سے پھیلائی گئی۔

(جاری ہے)

مذکورہ پارٹی ماضی میں بھی پارلیمنٹ کے اندر رائے شماری رکوانے کے لیے اسی حربے کو آزما چکی ہے۔

پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر کا کہنا ہے کہ "ایک چھوٹے سے مجموعے کی جانب سے رائے شماری روکنے کے لیے پرتشدد راستہ اختیار کرنے کے باوجود دونوں ملکوں کے درمیان سرحدوں کے تعین کے منصوبے کی منظوری دے دی جائے گی"۔ انہوں نے باور کرایا کہ تشدد کو کسی طور کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اس منصوبے کی منظوری سے ہمارے ملک کی سیادت اور خود مختاری مضبوط ہو گی"۔حزب اختلاف کی پارٹیLevizja Vetevendosje سرحدی معاہدے کی مخالفت کرتی ہے جو 2015 میں مونٹی نیگرو کے ساتھ طے پایا تھا۔ پارٹی کا دعوی ہے کہ اس معاہدے کے ذریعے کوسوو کی اراضی سے تقریبا 30 مربع میل کا رقبہ پڑوسی ملک کے ہاتھوں میں چلا جائے گا۔