Lahsun Sabzi Hai Ya Nabatati Tonic - Article No. 3013

Lahsun Sabzi Hai Ya Nabatati Tonic

لہسن سبزی ہے یا نباتاتی ٹانک - تحریر نمبر 3013

جدید تحقیق کی روشنی میں جانیے اس کی افادیت

جمعرات 25 ستمبر 2025

لہسن صدیوں سے استعمال ہوتا چلا آ رہا ہے۔قدیم ترین طبی ریکارڈ کے علاوہ جدید دور کی تحقیقات اور مطالعہ بھی اس کی افادیت کی تصدیق کرتے ہیں۔بابل ونینوا کے صدیوں پرانے ریکارڈ گواہ ہیں کہ لہسن مختلف امراض کی دوا کے علاوہ ٹانک کے طور پر بھی استعمال ہوتا تھا۔برصغیر میں صدیوں پرانی ہندی طب بھی لہسن کی بطور ٹانک معترف تھی بلکہ دوا سے زیادہ اس کی حیثیت تقویت بخش سبزی کے طور پر تسلیم کی جاتی تھی۔
طب ہندی کے معالجین لہسن کو نظامِ ہضم کے علاوہ سانس کے نظام، اعصابی عارضوں، دورانِ خون اور دیگر پیچیدہ شکایات کے لئے موٴثر تسلیم کرتے تھے۔سنسکرت کی پانچ ہزار سالہ قدیم تحریروں کے مطالعے سے بھی پتا چلتا ہے کہ لہسن کی افادیت اس وقت تسلیم کی جا چکی تھی۔

(جاری ہے)

اسے مصر میں دل کے امراض کے علاوہ رسولیوں، سر درد کی شکایت، پیٹ کے کیڑوں سے نجات اور ان کے کاٹے کے علاج کے لئے استعمال کیا جاتا تھا۔


یونانی طب میں آنتوں کے زخم، بچوں کے قولنج، گٹھیا، پیچش اور الرجی کے لئے اسے موٴثر قرار دیا گیا۔اس سے قبل کی تہذیبوں کے ریکارڈ سے بھی یہ ثابت ہوتا ہے کہ لہسن نمونیا، سینے کے امراض اور نزلے کی شکایت کے علاوہ کان کے درد اور بہرے پن کے علاج کے لئے بھی استعمال کیا جاتا تھا۔
آج بھی مغربی اور ایشیائی ملکوں میں لہسن کو طاقتور اینٹی بائیوٹک جانا جاتا ہے اور اسہال میں اسے مفید قرار دیا گیا ہے۔
اس کے تازہ جوؤں کا جوشاندہ ورم دور کرنے کے لئے مفید ہے۔
لہسن الرجی (حساسیت) کی شکایات، شریانوں اور رگوں کی تنگی اور سختی، گٹھیا، دمے، پیشاب نہ رکنے کی شکایت سینے کے امراض، پھیپھڑوں کی سوجن، ہائی بلڈ پریشر اور جگر کے امراض کے لئے اعتماد کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
یہ خون پتلا کرنے کی نباتاتی دوا ہے۔کولیسٹرول کی زیادتی کی صورت میں مریض اسے اپنی غذاؤں میں شکل بدل بدل کر استعمال کریں۔

گرم پانی میں پسا ہوا لہسن گھول کر پی لیا جائے تو ذیابیطس میں بھی افاقہ ہوتا ہے۔کچھ لوگ لہسن اور دہی ملا کر استعمال کرتے ہیں غالباً انہیں لہسن کا چُرچُرا پن نہیں بھاتا یا پھر ہرا دھنیا شامل کر کے اس کی چٹنی کھلائی جاتی ہے۔چونکہ یہ اینٹی بائیوٹک پیشاب آور کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے لہٰذا ذائقہ بدل کے اسے اپنی غذا کا جزو بنانا مفید ہوتا ہے۔
کچے لہسن کی نسبت تھوڑا سا بھون کر کھانا صحت بخش اور زود ہضم بھی ہے۔
انسانوں کے ساتھ ساتھ حیوانوں کے علاج معالجے کے لئے بھی اسے استعمال کیا جاتا ہے۔ان کی چند خاص بیماریاں جن میں پھپھوندی (فنگس) زبان کا ورم، منہ کے چھالے، پیٹ کا درد اور تشنج جیسی بیماریاں شامل ہیں، لہسن پیس کر کھلانے سے جانور صحت مند ہو جاتے ہیں۔دودھ دینے والے جانوروں کے لئے بھی اسے اکسیر نباتاتی ٹانک تسلیم کیا گیا ہے۔

لہسن میں موجود وٹامنز پر بھی توجہ دیں
دیگر وٹامنز کے علاوہ کیلشیم، فاسفورس، آئرن، آیوڈین کوبالٹ، زنک، سوڈیم، پوٹاشیم، سیلینئم جیسے معدنی اجزاء موجود ہوتے ہیں۔لہسن سے حاصل ہونے والے ست Extract پرانی سوجن دور کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔
پیٹ میں ایک خاص جراثیم جسے ہیلیکوبیکٹر پائلوری کہا جاتا ہے۔السر اور سرطان جیسے مہلک امراض اس جراثیم کی وجہ سے پھلتے پھولتے ہیں۔
لہسن کھانے سے یہ ضائع ہو جاتے ہیں۔جن افراد کی خاندانی ہسٹری میں کینسر شامل ہو انہیں بطورِ خاص لہسن کا استعمال جاری رکھنا چاہئے۔
یہ سبزی جسم میں آکسیجن بھی پیدا کرتی ہے اس لئے موٹاپے کے شکار افراد جو سانس کی کمی کا گلہ کرتے ہیں مگر ورزش کر کے وزن قابو میں نہیں کر پاتے۔ماہرین تغذیہ انہیں لہسن کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں تاہم اگر وہ تیز چہل قدمی (برسک واک) بھی کر لیا کریں تو نظامِ ہاضمہ کی خرابیوں کے علاوہ جگر پر بننے والے چربیلے ٹشوز کے منفی اثرات کم کئے جا سکتے ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj