Kamyabi Ka Raaz - Article No. 2122

Kamyabi Ka Raaz

کامیابی کا راز - تحریر نمبر 2122

ہمیں یہ سوچ کر محنت کرنی چاہیے کہ ہم ضرور کامیاب ہو جائیں گے

جمعرات 25 نومبر 2021

اریبہ ارم اعوان،مظفر گڑھ
اسد نے اس مرتبہ خوب محنت کی،لیکن پھر بھی اسے یقین نہیں تھا کہ وہ عدنان سے آگے بڑھ سکے گا اور جب نتیجہ آیا تو وہی ہوا۔عدنان اول آیا جب کہ اسد دوسرے نمبر پر آیا۔ہر سال اسد سالانہ امتحان کے لئے پُرزور محنت کرتا،لیکن پھر بھی عدنان سے پیچھے رہ جاتا۔جب اس مرتبہ بھی وہی ہوا تو اسد اپنے کمرے میں بیٹھ کر رونے لگا۔
اسد کے والد کمرے میں داخل ہوئے تو اسد کو یوں روتا دیکھ کر حیران ہو گئے۔
انھوں نے اسد سے رونے کی وجہ پوچھی تو اس نے کہا:”ابا جان!میں ہر سال خوب محنت کرتا ہوں،لیکن نہ جانے کیوں اول آنے سے رہ جاتا ہوں۔“
اسد کی یہ بات سن کر اس کے والد کے چہرے پر مسکراہٹ پھیل گئی۔انھوں نے اسد کو پیار سے سمجھایا:”بیٹا!یہی وجہ ہے کہ ہر مرتبہ تم کامیابی کی دہلیز پر قدم رکھنے سے رہ جاتے ہو۔

(جاری ہے)

تمہارے اندر ایک خوف بیٹھ چکا ہے کہ تم عدنان سے آگے نہیں بڑھ سکتے۔جب تم یہ بات سوچتے ہو تو تم جتنی بھی محنت کرتے ہو خود پر کم اعتمادی کی وجہ سے کامیاب نہیں ہو پاتے۔عدنان سے آگے بڑھنے کا خیال دل سے نکال دو اور کچھ سوچے بغیر اپنی پڑھائی پر توجہ دو۔“
اسد نے خوب دل لگا کر محنت کی اور اب سالانہ امتحان دینے کے بعد آج اس کا نتیجہ تھا۔
سکول میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔اسد کو یقین تھا کہ وہ اس مرتبہ ضرور اول آئے گا،کیونکہ اس نے سخت محنت کی ہے۔جب نتیجہ سنایا گیا تو سب سے پہلے تیسرے نمبر پر،پھر دوسرے نمبر پر آنے والے طالب علم کا نام پکارا گیا۔جب کہ اسد کا دل تیزی سے دھڑکنے لگا۔پھر پہلے آنے والے طالب علم کا پکارا گیا جسے سن کر اسد خوشی سے پھولے نہ سمایا۔وہ سب کی پُرزور تالیوں میں اسٹیج کی طرف بڑھا۔پرنسپل صاحب نے اسے مبارک باد دی اور اسے انعام دیا۔آج وہ اول جب کہ عدنان دوسرے نمبر پر آیا۔اب وہ جان چکا تھا کہ ہمیں یہ سوچ کر محنت کرنی چاہیے کہ ہم ضرور کامیاب ہو جائیں گے۔یہ کامیابی کا ایک راستہ ہے۔

Browse More Moral Stories