Nani Dadi Aur Hum - Article No. 2418

Nani Dadi Aur Hum

نانی،دادی اور ہم - تحریر نمبر 2418

اگر ہم بچے نانی کو دادی اور دادی کو نانی کہہ بھی دیں تو کوئی حرج تو نہیں ہے

پیر 19 دسمبر 2022

مریم شہزاد
احمد،عماد کی پھوپھی کا بیٹا تھا۔دونوں میں بہت دوستی تھی۔آج کل چھٹیوں کی وجہ سے احمد اپنی نانی کے گھر رہنے آیا ہوا تھا۔جب عماد احمد کی نانی کو دادی کہتا تو وہ ٹھٹک جاتا،مگر آج تو احمد اور عماد میں بحث چھڑ گئی تھی۔دونوں ابھی چھوٹے ہی تھے اور اسی وجہ سے شاید پریشان ہو گئے تھے۔
”نہیں بھئی یہ دادی نہیں ہیں،نانی ہیں۔
“احمد نے عماد سے کہا۔
”ارے نہیں دادی ہیں۔مجھے اچھی طرح معلوم ہے۔“عماد نے کہا۔
”میں کہہ رہا ہوں نا کہ نانی ہیں،تو بس نانی ہیں۔“احمد نے فیصلہ سنا دیا۔
”اور میں کہہ رہا ہوں کہ دادی ہیں،مجھے میری امی نے بتایا ہے اور نانی تو وہ ہیں جن کے گھر ہم ہر ہفتے کو جاتے ہیں۔“عماد نے کہا۔

(جاری ہے)


”ارے بھئی،تم سمجھتے کیوں نہیں ہو؟“احمد کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ عماد کو کیسے سمجھائے۔


”اچھا ایسا کرتے ہیں نانی سے ہی پوچھ لیتے ہیں۔“احمد نے کہا۔
”دادی سے․․․․“عماد کیوں اپنی بات سے پیچھے ہٹتا۔
”نانی!“
”دادی!“
دونوں ایک بار پھر اُلجھ پڑے۔دونوں ان کے پاس گئے۔وہ ایک کتاب پڑھ رہی تھیں۔
”آپ ذرا عماد کو تو سمجھا دیں یہ آپ کو دادی کیوں کہتا ہے،آپ تو نانی ہیں نا․․․․؟“احمد نے اپنی بات پر زور دے کر کہا۔

”جی نہیں آپ تو دادی ہیں۔“عماد بھی بضد تھا۔
”نانی․․․․“
”جی نہیں،دادی․․․․“
”میں کہہ رہا ہوں ناں نانی․․․․“
”ارے،ارے کیا ہو گیا ہے،اس میں لڑنے کی کیا بات ہے۔“
”آپ بتائیں نانی!“احمد نے نانی پر زور دے کر کہا۔
وہ دونوں کی بات سن کر مسکرا دیں:”آپ دونوں بالکل ٹھیک کہہ رہے ہیں،میں احمد کی نانی ہوں اور عماد کی دادی ہوں۔

”یہ کیا بات ہوئی؟“احمد نے کہا۔
”اور آپ نانی کیسے ہو سکتی ہیں،نانی کے گھر تو ہم ہفتے کو جاتے ہیں اور آپ کو میں دادی کہتا ہوں تو اس کا مطلب آپ دادی ہیں․․․․بس۔“عماد بھی بول اُٹھا۔
”دیکھو میں تم کو سمجھاتی ہوں،ابو کی جو امی ہوتی ہیں وہ بچوں کی دادی ہوتی ہیں اور امی کی جو امی ہوتی ہیں وہ بچوں کی نانی ہوتی ہیں۔
“انھوں نے سادہ طریقے سے بات سمجھائی۔
”مگر ہم جہاں رہتے ہیں،وہاں تو ہماری امی اور ابو دونوں کی امی ہیں،وہ دونوں ہی ان کو امی کہتے ہیں میں بھی ان کو بڑی امی کہتا ہوں،ہمارے گھر تو کوئی دادی نہیں ہیں۔“احمد کیوں کہ اپنی دادی کو بڑی امی ہی کہتا تھا اس لئے اس کی سمجھ میں ہی نہیں آیا۔
”وہ جو آپ کے گھر میں بڑی امی ہیں نا وہ دراصل آپ کی دادی ہیں اور وہ آپ کے ابو کی امی ہیں اور میں آپ کی امی کی امی ہوں،اس لئے آپ کی نانی ہوں۔
“نانی نے احمد کو سمجھایا۔
”آپ عماد کی امی ہیں یا ابو کی؟“احمد نے پھر پوچھا۔
”میں عماد کے ابو کی امی ہوں،اس لئے اس کی دادی ہوں اور جیسے تم ہر جمعہ کو یہاں آتے ہو تو یہ تمہاری نانی کا گھر ہے اور جہاں عماد ہفتے کو جاتے ہیں وہ ان کی نانی کا گھر ہے۔اب بات سمجھ میں آئی؟“
انھوں نے دونوں کی طرف دیکھ کر پوچھا۔
”اچھا،ٹھیک ہے مطلب آپ دادی بھی ہیں اور نانی بھی،لیکن نانی ایک بات تو بتائیں،اگر ہم بچے نانی کو دادی اور دادی کو نانی کہہ بھی دیں تو کوئی حرج تو نہیں ہے،ہے نا؟“احمد نے کہا تو عماد نے بھی اس کی ہاں میں ہاں ملائی اور دادی کی طرف سوالیہ نظروں سے دیکھا تو نانی دادی بس سر ہلا کر رہ گئیں۔

Browse More Moral Stories