Rehamdil Larki - Article No. 2508

Rehamdil Larki

رحمدل لڑکی - تحریر نمبر 2508

انسان اور جانور سب کے ساتھ رحمدلی سے رہنا چاہئے کیونکہ یہ بے زبان جانور بھی ہماری ہمدردی اور محبت کے مستحق ہیں

ہفتہ 29 اپریل 2023

روبینہ ناز،کراچی
کسی گاؤں میں فاطمہ نامی ایک بہت پیاری بچی رہتی تھی۔ایک دن وہ سکول سے گھر پہنچی تو اس کی امی نے کہا:”بیٹا منہ ہاتھ دھو کر یونیفارم بدل لو میں تمہارے لئے کھانا لاتی ہوں۔“
فاطمہ کھانا کھانے بیٹھی تو اُسے میاؤں میاؤں کی آواز سنائی دی۔اُس نے اِدھر اُدھر دیکھا مگر کوئی نظر نہ آیا البتہ میاؤں میاؤں کی آوازیں تیز ہو گئیں۔
فاطمہ نے دروازہ کھولا تو کونے میں رکھے لکڑی کے کاٹھ کباڑ سے آوازیں آتی محسوس ہوئیں۔وہ آگے بڑھی تو دیکھا کہ بلی کا ایک چھوٹا سا بچہ اپنی ماں کے ساتھ وہاں موجود ہے۔فاطمہ نے اُسے گود میں اُٹھایا تو دیکھا کہ بلی کے بچے کی ٹانگ زخمی ہے۔فاطمہ اندر سے دوا لائی اور بلی کے بچے کے زخم پر لگائی پھر پیالے میں دودھ لا کر اُس کے سامنے رکھا اور بلی کے بچے سے کہا:”تم پریشان مت ہونا میں تمہارے پاس ہی ہوں۔

(جاری ہے)


اتنے میں امی نے اسے آواز دی تو فاطمہ اندر چلی گئی۔
اگلے دن فاطمہ کی امی نے صبح اُسے سکول جانے کیلئے جگایا تو وہ اُٹھ کر ہاتھ منہ دھونے سے پہلے بلی کے بچے کو دیکھنے چلی گئی،وہ اب پہلے سے بہتر لگ رہا تھا۔فاطمہ اسے دوا لگا کر سکول چلی گئی۔
سکول میں سارا دن فاطمہ اُس بچے کے بارے میں سوچتی رہی۔گھر آتے ہی سب سے پہلے اُس نے بلی کے بچے کی خبر لی جو اپنی ماں کے ساتھ کھیل رہا تھا۔
فاطمہ کو دیکھتے ہی وہ فواً اُس کے پیروں سے لپٹ گیا جیسے اُس کا شکریہ ادا کر رہا ہو۔فاطمہ نے اُسے گود میں لے کر پیار کیا اور چھوڑ دیا۔جس طرح فاطمہ نے بلی کے بچے سے ہمدردی کا سلوک کیا،ہم سب کو بھی اسی طرح انسان اور جانور سب کے ساتھ رحمدلی سے رہنا چاہئے کیونکہ یہ بے زبان جانور بھی ہماری ہمدردی اور محبت کے مستحق ہیں۔سیرت رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کا مطالعہ کریں تو ہمیں معلوم ہو گا کہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم ان بے زبانوں پر رحم فرماتے اور اُمت کو بھی تلقین فرمائی کے پرندوں اور جانوروں کے ساتھ حُسن سلوک سے پیش آئیں۔

Browse More Moral Stories