ایبٹ آباد کی ضلعی انتظامیہ، محکمہ خوراک اور حلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں جمعہ کو بھی ضلع بھر میں پوری طرح متحرک رہیں

گرانفروشی اور مضر صحت اشیاء خوردونو ش کی فروخت پر درجنوں قصاب، فروٹ و سبزی فروشوں سمیت دیگر پر بھاری جرمانے

جمعہ 17 مئی 2019 21:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2019ء) رواں ماہ رمضان میں صارفین کو مقررہ نرخوں پر معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ایبٹ آباد کی ضلعی انتظامیہ، محکمہ خوراک اور حلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں جمعہ کو بھی ضلع بھر میں پوری طرح متحرک رہیں، اس دوران گرانفروشی اور ناقص صفائی و مضر صحت اشیاء خوردونو ش کی فروخت پر درجنوں قصابوں، شیر فروشوں، فروٹ و سبزی فروشوں، کباب و پکوڑہ فروشوں، بیکریوں اور ان کے کارخانوں، جنرل سٹوروں، چکن شاپس، ریستورانوں سے بھاری جرمانے وصول کر لئے گئے، گندگی اور نا قص صفائی پر ایبٹ آباد کے مذبحہ خانوں کو بھی سیل کر دیا گیا، حویلیاں میں پیمانے میں کمی پر دو پٹرول پمپوں کے خلاف بھی جرمانہ اور دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ایبٹ آباد نے صارفین کی طرف سے ٹیلی فون، پاکستان سٹیزن پورٹل اور دیگر زرائع سے موصول ہونے والی شکایات کے حل کیلئے ایبٹ آباد شہر کے اندر دودھ و دہی کی مختلف دکانوں کا دورہ کیا تاکہ شہریوں کو تازہ اور ملاوٹ سے پاک اور مقرر کردہ قیمتوں پر دودھ دہی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پرصفائی ستھرائی کی بناء پر متعدد دکانداروں کے خلاف فوڈ سٹف کنٹرول ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر اور انسپکٹر فوڈ نے مری روڈ پر سبزی فروٹ جبکہ فوڈ گرین انسپکٹر نے سلطان پور تحصیل حویلیاں میں مختلف دکانوں کا معائنہ کیا اور فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر متعلقہ دکانداروں کے خلاف جرمانے اور دیگر کارروائی عمل میں لائی گئی۔

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد عامر آفاق کی خصوصی ہدایات پر تحصیلدار لوئر تناول قمر ضیاء نے ہرنو بازار، بڑا ہوتر اور دھمتوڑ بازار، مانگل، قلندر آباد، بانڈی ڈھونڈاں کا دورہ کیا اور دودھ، بیکری، جنرل سٹوروں، چکن شاپ، ہوٹلوں اور یوٹیلٹی سٹورز کا معائنہ کیا۔ ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے، زیادہ نرخوں کی وصولی، صفائی و ستھرائی کے فقدان، ناقص اشیائ/ تیل کے استعمال اور فروخت کی بناء پر دو دکانداروں کے خلاف پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت جرمانہ اور دیگر قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی۔

غیر معیاری دودھ اور دہی کی فروخت سے متعلق ضلعی انتظامیہ کو موصول ہونے والی شکایات کے حل کیلئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرII کی سربراہی میں ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک اور متعلقہ عملہ نے موبائل لیبارٹری کے ذریعہ تحصیل حویلیاں میں موجود دودھ کی دکانوں سے نمونے لئے جن میں سے 32 نمونوں میں پانی کی ملاوٹ اور صفائی نہ ہونے کی بناء پر متعلقہ دکانداروں پر قانون کے مطابق جرمانے عائد کئے اور دودھ کو ضائع کر دیا گیا۔

مزید ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے دکانداروں کو ملاوٹ سے باز رہنے کی تاکید کی اور مستقبل میں خلاف ورزی پر مزید سخت قانونی کارروائی کے بارے میں متنبہ کیا۔ ادھر حلال فوڈ اتھارٹی کی رات گئے کارروائی میں مری روڈ اور نواں شہر کی چار بیکریوں، ایک کباب فروش اور ایک پکوڑہ شاپ پر جرمانے عائد کر دیئے گئے جبکہ ماجد سویٹس، بابا بیکری، پرنس بیکری اور کاغان بیکری کے کارخانوں کو ناقص صفائی پر چالان کئے گئے۔

قصابوں کے خلاف کارروائی میں بیف شاپس کو جرمانہ جبکہ صدر میٹ ایسوی ایشن کی موجودگی میں قصابوں کو فائنل وارننگز بھی جاری کی گئیں۔ اتھارٹی نے صفائی کے ناقص انتظامات اور کیڑوں کی موجودگی پر ایبٹ آباد کا مذبحہ خانہ بھی سیل کر دیا۔ درین اثناء پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں، معیار اور مقدار کے حوالہ سے موصول ہونے والی شکایات کے حل کیلئے ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر انڈسٹریز نے سٹاف کے ہمراہ تحصیل حویلیاں کا دورہ کیا اور کنزیومر ایکٹ کی خلاف ورزی اور پٹرول کے پیمانے میں کمی کی بنا پر دو پٹرول پمپوں پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں